وزیر اعظم پاکستان سیاحت کے فروغ میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ، گورنرسندھ

طلبا و طالبات کو اپنے خوابوں کی تعبیر کے لئے سخت محنت کرنا ہوگی ، کوتھم کے پانچویں کانووکیشن سے خطاب

اتوار 25 اگست 2019 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2019ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کالج آف ٹورزم اینڈ منیجمنٹ (کوتھم) کے پانچوں سالانہ کانووکیشن کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔تقریب میں ملائیشیاء کے قونصل جنرل نصر عبد الرحمن، چیف ایگزیکٹیو آفیسر کوتھم پاکستان احمد شفیق ، جنرل منیجر آواری ٹاورز اولیو فرانس ، طلبا و طالبات ان کے والدین کے علاوہ ہو ٹل اور ریسٹو رینٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیرعظم پاکستان سیاحت کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو خوبصورت پہاڑ ، لہلاتے ہوئے کھیت ، بہترین دریا اور جنت نظر وادیاں دی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ اس شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی بہتر رہنمائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں موجودہ حکومت اس شعبے کو مزید فروغ کرنے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے ۔

گذشتہ ادوار میں سیاحت کی انڈسٹری ایک بحران کا شکار رہی ہے مگر اب دنیا بھر کے سیاح پاکستان کی جانب دیکھ رہے ہیں پاکستان کے سیاحتی مقامات کی جانب بیرونی سرمایہ کاروں کا بڑھتا ہوارجحان اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی بہت گنجائش موجود ہے ۔ اس ضمن میں روراں برس بیس لاکھ سے زائد مقامی و بین الاقوامی سیاحوں نے شمالی علاقہ جات کا دورہ کیا ۔

پورے ملک کی طرح شمالی علاقہ جات او ر دیگر سیاحتی مقامات میں امن و امان کے قیام کے بعد ان علاقوں میں سیاح بلا خوف و خطر آرہے ہیں اور یہ سب ممکن بنانے میں ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والوں کی شب و روز کی محنت شامل ہے ۔اس سے قبل کوتھم کراچی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر صابر احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس کانووکیشن میں 150 طلبہ و طالبات کو ٹریول ٹورازم ہوٹل منیجمنٹ اور شیف پروگرامز میں ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ دیئے گئے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ ہوٹل اینڈ ٹورازم دنیا کی بہترین انڈسٹری ہے جو کہ تیزی سے ترقی کررہی ہے ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ بھارت اس وقت کشمیریوں پر صدی کا بدترین ظلم و ستم ڈھا رہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ دنیا کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان ہر فورمز پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور انشااللہ جلد کشمیر بنے گا پاکستان ۔

پورے عالم اسلام کو کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کو بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن پسند ہیں اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم اس کا جواب دینے کی بھرپو ر صلاحیت رکھتی ہے ۔ بین الاقوامی برادری کو بھی کشمیر یوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرنا چاہئے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں