کے ایم ڈی سی اور عباسی شہید اسپتال میں منعقدہ تین روزہ SEPSIS ALIVE تربیتی کورس کے دوران شرکاء کی کارکردگی تسلی بخش رہی، ڈاکٹر محمود حیدر

بدھ 20 نومبر 2019 22:10

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمود حیدر نے کہا ہے کہ یورپین سوسائٹی آف انٹینسو کیئر میڈیسن (ESICM) اور پاکستان سوسائٹی آف کریٹکل کیئر میڈیسن کے اشتراک سے کے ایم ڈی سی اور عباسی شہید اسپتال میں منعقدہ تین روزہ SEPSIS ALIVE تربیتی کورس کے دوران شرکاء کی کارکردگی تسلی بخش رہی جبکہ غیر ملکی ماہرین نے مقامی سطح پر کام کرنے والے ڈاکٹروں اور سرجنز کی صلاحیتوں پر اطمینان ظاہر کیا جس سے یہ امید کی جاسکتی ہے کہ مستقبل میں کراچی میں شعبہ طب مزید ترقی کرے گا اور مریضوں کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں میں مزید بہتر اور جدید علاج کی سہولیات میسر آئیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز عباسی شہید اسپتال میں SEPSIS ALIVE کورس کے اختتام پر کیا، اس موقع پر کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز، فیکلٹی ممبران اور زیر تربیت ڈاکٹرز نے کہا کہ انہیں مختلف بیماریوں اور ان کی مینجمنٹ کے حوالے سے مفید معلومات حاصل ہوئیں جن سے انہیں شدید نوعیت کے امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ ایشیائی ممالک میں پہلی مرتبہ جان لیوا خونی بیماری SEPSIS پر کنٹرول کے لئے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کا انتخاب ہمارے لئے باعث فخر ہے، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز اور فیکلٹی ممبران کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے تجویز دی کہ اس اہم تربیتی کورس کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے تاکہ کراچی بھر کے نجی و سرکاری اسپتالوں میں شدید بیماری اور نازک حالت میں مبتلا مریضوں کو جدید بین الاقوامی ٹیکنالوجی سے مستفید ہونے کا موقع ملے ، اس موقع پر تربیت دینے والے برطانیہ، جنوبی افریقہ، سربیا، آسٹریا، ہالینڈ، یوگنڈاکے ماہرین نے کہا کہ اس سے قبل یہ ٹریننگ صرف یوگنڈا میں گزشتہ سال کرائی گئی اور پاکستان میں ہونے والا یہ دوسرا ٹریننگ کورس ہے جس کا مقصد تیسری دنیا کے ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنا ہے تاکہ وہ شدید بیمار شہریوں کے علاج کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنا سکیں، انہوں نے مقامی سطح پر مریضوں کو فراہم کی گئیں سہولیات اور بنیادی علاج اور اطمینان ظاہر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس ٹریننگ کے بعد کراچی دنیا کے ان شہروں میں شامل ہوگا جہاں SEPSIS سے متاثرہ مریضوں کے علاج کا بہترین انتظام موجود ہے، قبل ازیں کورس کے دوران پہلے اور دوسرے دن کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں غیر ملکی ماہرین نے مختلف موضوعات پر لیکچرز دیئے اور حساس بیماریوں اور ان کی مینجمنٹ کے حوالے سے روزمرہ کے مسائل ، عام بیماریوں بشمول ٹائیفائیڈ ، تپ دق، کالی کھانسی، ملیریا اور دیگر امراض کے متعلق سیر حاصل گفتگو کی اور کورس کے شرکاء کی جانب سے کئے گئے سوالوں کے جوابات دیئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں