شاہراہ فیصل سے ڈرگ روڈ کا داخلی راستہ کھولا جائے ،ْحافظ نعیم الرحمن

عوام ایسے لوگوں کو اقتدار میں لائیں جو ان کے مسائل کا ادراک اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں ،ْوفد سے گفتگو شاہراہ فیصل سے ڈرگ روڈ کاداخلی راستہ بند کردیا گیا ،ْلاکھوں شہریوںکو 8کلومیٹر سفرطے کرنے کے بعد ڈرگ روڈ آنا پڑتا ہے ،ْوفد کی گفتگو

جمعرات 20 فروری 2020 00:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2020ء) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شاہراہ فیصل سے ڈرگ روڈ کا داخلی راستہ کھولا جائے ،صوبائی حکومت ڈرگ روڈ ، ناتھا خان روڈ اور سادات کالونی کے لاکھوں مکینوں کا مسئلہ حل کرے ،روڈ کی تعمیر چندلاکھ روپے کا کام ہے لیکن افسوس ہے کہ صوبائی و شہری حکومت کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی ،ڈرگ روڈ کے رہائشیوں کو روزانہ 8کلومیٹر کا راستہ طے کر کے ڈرگ روڈ جانا پڑتا ہے جس سے شہری شدید ذہنی و جسمانی اذیت کاشکار ہیں۔

حکومت اور متعلقہ ادارے ڈرگ روڈ کے مکینوں کا سڑک کی تعمیر کا دیرینہ مطالبہ پورا کریں ، اگر متاثرہ مکینوں کو درپیش مسائل کو حل نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی متاثرین کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کرے گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں ڈرگ روڈ کے معززین کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفدمیں عدنان حسین ، ڈاکٹرمنیر صادق ، عبد اللہ فیصل ، امتیاز حسین ، عادل محمود، محمد عمران ، محمد شفیق ، خالد مشوانی ودیگر شامل تھے ۔

اس موقع پر پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے نائب صدر عمران شاہدو دیگر بھی موجود تھے ۔ وفد نے حافظ نعیم الرحمن کو بتایا کہ 2016میں صوبائی حکومت کی جانب سے شاہراہ فیصل سے ڈرگ روڈ کاداخلی راستہ بند کردیا گیا تھا جس کی وجہ سے لاکھوں شہریوںکو ڈرگ روڈ جانے کے لیے 8کلومیٹر طویل سفرطے کرنے کے بعد جناح ٹرمینل فلائی اوور سے یوٹرن لے کر ڈرگ روڈ آنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو رکشہ اور ٹیکسی کے کرائے کی مد میں مالی بوجھ اور وقت کا ضیاع ہورہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ڈرگ روڈ ، سادات کالونی اور ناتھا خان کے مکینوں کے لیے ناتھا خان فلائی اوور کے ساتھ متبادل راستہ بنایاجائے۔ وفد نے مزید بتایا کہ ہم نے مختلف حکومتی اداروں سے ملاقاتیں بھی کیں اور خطوط بھی ارسال کیے اور علاقہ مکینوں کے ہمراہ مظاہرے اور ریلیاں بھی نکالی گئیں ان سب کے باوجود ہماری کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔وفد نے کہاکہ ہم سب کی نظریں جماعت اسلامی پر ہیں اور امید ہے کہ جماعت اسلامی ہمارے ان مسائل کے حل کے لیے ہماری آواز بنے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے وفد کا خیر مقدم کیا اور مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی اورکہاکہ عوام ایسے لوگوں کو اقتدار میں لائیں جو ان کے مسائل کا ادراک اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی شہرکی بے لوث خدمت کی ہے اور ریکارڈ ترقیاتی کام کیے ہیں ،عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ شہر کراچی پھر سے ترقی کی جانب گامزن ہو۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں