جماعت اسلامی علاقہ فیصل کینٹ کے تحت حقوق کراچی کنونشن کل ہو گا ، حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے

حقوق کراچی تحریک کے مطالبات کو پذیرائی مل رہی ہے ، کنونشن میں جوہر چورنگی تا پہلوان گوٹھ نالے کی تعمیر سمیت دیگر مسائل اُٹھائے جائیں گے

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 22:05

جماعت اسلامی علاقہ فیصل کینٹ کے تحت حقوق کراچی کنونشن کل ہو گا ، حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) جماعت اسلامی علاقہ فیصل کینٹ گلستان جوہر ضلع شرقی کے زیر اہتمام جوہر چورنگی تا پہلوان گوٹھ نالا تعمیر کرو مہم کے سلسلے میں’’ حقوق کراچی کنونشن و مشاورتی اجلاس‘‘ 25اکتوبر بروز اتوار کو مقامی بنکوئٹ میں دوپہر 12 بجے منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت حافظ نعیم الرحمن امیر جماعت اسلامی کراچی کریں گے۔

کنونشن اور اجلاس میں امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی سید شاہد ہاشمی ،جماعت اسلامی کراچی پبلک ایڈ کے صدروامیر جماعت اسلامی ضلع قائدین سیف الدین ایڈووکیٹ، جنرل سیکریٹری پبلک ایڈ کراچی نجیب ایوبی، سابق ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سٹی کونسل جنید مکاتی، علاقہ فیصل کینٹ گلستان کے معززین جن میں علماء و اساتذہ کرام، کالج و جامعات کے نمائندگان، فلیٹ و سوسائٹیز کی یونین ذمہ داران اور دیگر معززین علاقہ شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

ناظم جماعت اسلامی علاقہ فیصل کینٹ نصر عثمانی نے اجلاس کی انتظامی کمیٹی و کارکنان علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقوق کراچی کے سلسلے میں اٹھائے گئے مطالبات عوام میں مقبولیت حاصل کر رہے ہیں اور اہل کراچی ان مطالبات کی منظوری کے حوالے سے جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک کے ساتھ شانہ بشانہ ہیں۔جوہر نالا کی تعمیر علاقہ مکینوں کا ایک جائز مطالبہ ہے اور امید ہے جن ترقیاتی پیکیجز کا وفاقی حکومت کی طرف سے مسلسل چرچا ہے وہ لازماً عوامی سہولیات و متعلقہ ترقیاتی پراجیکٹس پر ہی خرچ ہوں اور عوام کا پیسہ کسی کرپشن کی نذر نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی روڈ تعمیر کرو مہم بھی جماعت اسلامی کی کامیاب عوامی مہم کا نتیجہ تھی اور یہ مہم بھی اہلیان علاقہ کو ان کا حق دلاکر اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام متعلقہ محکموں کو خطوط و عوامی درخواستیں دی ہیں اور اب متعلقہ محکموں کی جانب سے مثبت پیش رفت کا انتظار ہے۔ اس کنونشن کے ذریعے بھی ہم ہرسطح کی حکومتوں کو اس جانب متوجہ کرنا چاہتے ہیں علاقائی و بلدیاتی مسائل بشمول جوہر چورنگی تاپہلوان گوٹھ نالے کی تعمیر پر فوری ضروری اقدامات کئے جائیں۔

مزید برآں اس نمائندہ علاقائی کنونشن میں علاقہ فیصل کینٹ گلستان جوہر کی حدود میں درپیش کئی اور عوامی مسائل بھی اُٹھائے جائیں گے۔جن میں فیملی پارکس کی تزئین و آرائش، علاقے میں ایک معیاری سرکاری ہسپتال و فری ڈسپنسری ، فراہمی و نکاسی آب ، جوہر چورنگی و اطراف میں روزانہ کا ٹریفک جام، نوجوانوں کیے لئے کھیل کے میدان، قبرستان اور اسکا انتظام و انصرام، معیاری ٹرانسپورٹ کی عدم فراہمی ، ناکارہ اسٹریٹ لائٹس کے باعث اندھیری سڑکوں جیسے حل طلب مسائل بھی شامل ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں