ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان کا سکواڈ نامعلوم افراد کا نشانہ بن گیا

پولیس اہلکار سمیت دو افراد شہید جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 2 جون 2021 12:20

شمالی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون 2021ء) خبیر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں منگل کے روز بنوں سے واپسی پر ڈپٹی کمشنر کا سکواڈ نامعلوم افراد کا نشانہ بن گیا جس پر شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی سے تین کلو میٹر کے فاصلے پر ایپی گاؤں کے قریب نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے باعث پولیس اہلکار سمیت دو افراد شہید جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر بنوں سی ایم ایچ منتقل کیا گیا۔

نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سکواڈ کی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان دولت خان نے ٹیلی فون پر اردو پوائنٹ کے نمائندے روفان خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان اپنے سکواڈ کے ہمراہ کمشنر بنوں ڈویژن کے دفتر گئے تھے جہاں پر کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسف زئی کی سربراہی میں اجلاس تھا اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان دوسرے اجلاس کیلئے پشاور روانہ ہوئے اور اپنے سکواڈ کو واپس جانے کی ہدایت کی جب وہ بنوں سے شمالی وزیرستان واپس آنے لگے تو راستے میں ایپی گاؤں کے مقام پر نامعلوم افراد نے اُنہیں نشانہ بناکر اندھا دھند فائرنگ کی۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت دو افراد شہید جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر بنوں سی ایم ایچ منتقل کیا گیا اور شہداء کو واپس میرانشاہ لایا گیا جبکہ زخمی اہلکار بنوں سی ایم ایچ میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہداء کی شناخت پولیس اہلکار الف رحنٰا اور ایک عام شہری حیات اللہ ساکن بکا خیل کے نام سے ہوئی ہے اسی طرح زخمیوں میں فقیر محمد ساکن سپلگہ، زرنواز ساکن تپی اور سلیم اللہ ساکن رزمک شمالی وزیرستان شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شمالی وزیرستان شفیع اللہ گنڈاپور نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اردو پوائنٹ کے نمائندے روفان خان کو بتایا کہ جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری پہنچی ہے اور ارد گرد کے علاقوں کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا ہے لیکن اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولیس کو کامیابی ملے گی اور پولیس اصل ملزمان تک پہنچے گی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں