سیکریٹری سندھ بار کونسل پر قاتلانہ حملہ، موقع پر دم توڑ گئے

واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔ وکلا رہنماؤں کا مؤقف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 1 دسمبر 2021 10:34

سیکریٹری سندھ بار کونسل پر قاتلانہ حملہ، موقع پر دم توڑ گئے
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2021ء) : کراچی کے علاقہ گلستان جوہر میں بچی کو اسکول چھوڑنے جانے والے سیکریٹری سندھ بار کونسل کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ فائرنگ کے اس واقعہ کو وکلا رہنماؤں نے ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ قرار دیا۔ وکلا رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔

قاتلانہ حملے کی اطلاع موصول ہوتے ہی معروف وکیل رہنما نعیم قریشی دیگر وکلاء کی بڑی تعداد کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ وکیل رہنما نعیم قریشی ایڈووکیٹ نے کہا کہ 45 سالہ عرفان مہر گلستان جوہر کا رہائشی تھا جو آج صبح اپنی بچی کو گاڑی میں اسکول چھوڑنے کے لئے گلستان جوہر بلاک 13 میں پہنچا ، جہاں اسکول سے واپسی پر موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے ان کی گاڑی نمبر بی جے بی 824 پر فائرنگ کر کے انہیں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئے۔

(جاری ہے)

وکیل رہنما نعیم قریشی نے کہا کہ مقتول عرفان مہر وکیل نہیں تھے بلکہ وہ سندھ بار کونسل کے سیکریٹری کے عہدے پر کام کرتے تھے۔ واقعہ کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرنے شروع کیے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ ملزمان نے عرفان پر یکے بعد دیگرے کئی فائر کیے اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس نے بتایا کہ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے جبکہ واردات کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش بھی کی جائے گی۔ دوسری جانب عینی شاہدین نے کہا کہ عرفان مہر پر فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان جواں سال تھے اور دونوں ہی پینٹ شرٹ میں ملبوس تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے بعد شدید زخمی حالت میں عرفان مہر کو فوری طور پر قریبی واقع نجی اسپتال دارالصحت منتقل کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے اور اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے بھی ان کی موت کی تصدیق کردی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں