ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی لگنے کو تیار، ٹینڈر منظور

مویشی منڈی میں 10 مختلف شعبوں کیلیے تجربہ کار اور اچھی شہرت رکھنے والے اشخاص اور فرم نے اپنے اپنے ٹینڈر جمع کرائے تھے

منگل 24 مئی 2022 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) کراچی کے شہری عیدالاضحی پر بکرے اور دیگر مویشی قربان کرنے کیلیے تیار ہوجائیں، ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سپر ہائی وے پر سجنے کیلیے تیار ہے۔ ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی قائم کرنے کے لیے مویشی منڈی مینجمنٹ کمیٹی نے ٹینڈر منظور کرلیا ہے۔ مویشی منڈی میں 10 مختلف شعبوں کیلیے تجربہ کار اور اچھی شہرت رکھنے والے اشخاص اور فرم نے اپنے اپنے ٹینڈر جمع کرائے تھے، مطلوبہ ٹینڈر میں حصہ لینے والے افراد سے انتظامیہ نے انٹر ویوز بھی مکمل کرلیے ہیں، آئندہ چند روز میں ٹینڈر حاصل کرنے والے ٹھکیداروں کے ناموں کا اعلان بھی کردیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا رواں برس منظور کیے جانے والے ٹینڈر میں بعض ٹینڈر گزشتہ برس ٹینڈر حاصل کرنے والے ٹھیکیداروں کو ہی جاری کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مویشی منڈی کا انتظام چلانے کیلیے ایڈمنسٹریٹر کا ٹھیکا حاصل کرنے کیلیے فی کس 70 لاکھ روپے کے حساب سے مختلف فرم اور اشخاص نے بطور زرضمانت مویشی منڈی مینجمنٹ کمیٹی کی انتظامیہ کو جمع کرائے ہیں۔بجلی کی سپلائی کیلیے 50 لاکھ روپے، کار موٹر سائیکل کی پارکنگ کا ٹھیکا حاصل کرنے کیلیے 50 لاکھ روپے، پانی کی سپلائی کیلیے 50 لاکھ روپے، سافٹ ڈرنک اور کولڈ رنک کے لیے 50 لاکھ روپے، منرل واٹرکا ٹھیکا حا صل کرنے کیلیے 50 لاکھ روپے، جانوروں کے چارہ سپلائی کیلیے 30 لاکھ روپے، منڈی میں برف کی سپلائی کیلیے 5 لاکھ روپے، ٹینٹ سروس مہیا کرنے کیلیے فی کس 8 لاکھ روپے اور بیت الخلا کی سروس فراہم کرنے کیلیے 3 لاکھ روپے بطور زرضمانت جمع کیے جاچکے ہیں۔

ذارئع نے بتایاکہ مویشی منڈی مینجمنٹ کمیٹی آئندہ چند روز میں مطلوبہ پیشکش کنندہ کی اہلیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کرنے کے بعد اس کا اعلان کرے گی جبکہ کوئی بھی ٹینڈر کی پیشکش بغیر زر ضمانت قبول نہیں کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں