دعا زہرا کی عمر سے متعلق نئی میڈیکل رپورٹ پر والد کا بیان سامنے آ گیا

آج میڈیکلی ثابت ہو گیا کہ میری بیٹی کی عمر 15سال ہے، کیس ہمارے لیے آسان ہو گیا ہے،جو لوگ لڑکے ساتھ سیلفی لے رہے تھے وہ اب جیل کی سلاخوں کے پیچھے جا کر سیلفیاں لیں گے۔مہدی کاظمی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 4 جولائی 2022 16:13

دعا زہرا کی عمر سے متعلق نئی میڈیکل رپورٹ پر والد  کا بیان سامنے آ گیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 04 جولائی2022ء) دعا زہرا کی عمر سے متعلق نئی میڈیکل رپورٹ پر والد مہدی کاظمی کا بیان سامنے آ گیا۔انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں میڈیکل بورڈ کی رپورٹ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حمایت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔مہدی کاظمی کا کہنا ہے کہ آج میڈیکلی ثابت ہو گیا کہ میری بیٹی کی عمر 15سال ہے۔آپ سب سے دعا ہے کہ میرے لیے مزید دعا کریں کیونکہ کیس ابھی مزید آگے بھی جاری رہے گا لیکن انشاءاللہ اب کیس ہمارے لیے آسان ہو گیا ہے۔

مہدی کاظمی نے مزید کہ جو لوگ لڑکے ساتھ سیلفی لے رہے تھے وہ اب جیل کی سلاخوں کے پیچھے جا کر سیلفیاں لیں گے۔خیال رہے کہ دعا زہرا کی عمر کے تعین کے لیے میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی ہے جس میں لڑکی کی عمر 15 سی16سال کے قریب قرار دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دعا زیرا کے والد مہدی کاظمی کی درخواست پر محکمہ صحت سندھ نے دعا زہرا کی عمر کے تعین کے لیے 10 رکنی بورڈ تشکیل دیا تھا۔

میڈیکل بورڈ نے دعا زہرا کی عمر کے تعین کے لئے ہڈیوں اور دانتوں کے ایکسرے، خون کے ٹیسٹ اور جسمانی معائنے سمیت دیگر ٹیسٹ کئے تھے۔ میڈیکل بورڈ کی سربراہ پروفیسر صبا سہیل کی جانب سے سربمہر میڈیکل رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ آفتاب احمد بگھیو کی عدالت میں جمع کرادی۔میڈیکل بورڈ کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ سیل ہے۔ دو روز قبل سروس اسپتال میں 10 رکنی میڈیکل بورڈ نے دعا زہرا کا طبی معائنہ کیا۔

ذرائع نے بتایاکہ میڈیکل رپورٹ میں دعا زہرا کی عمر 15 سے 16 سال کے درمیان ہے۔ دعا زہرا کی عمر ڈینٹل ایگزمینیشن کے مطابق 13 سے 15 سال کے درمیان میں ہے۔ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیاہے کہ ریڈیولوجیکل معائنے کے مطابق دعا زہرا کی عمر 16 سے 17 سال کے درمیان ہے۔میڈیکل بورڈ کی اتفاق رائے کے مطابق دعا زہرا کی عمر 15 سے 16 سال کے درمیان ہے۔حتمی رپورٹ پر چیئرمین سمیت 10 ممبران کے دستخط موجود ہیں۔

میڈیکل بورڈ نے مہدی کاظمی کے وکیل جبران ناصر کو میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔ اپنی ٹوئٹ میں جبران ناصر نے کہا کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق دعا زہرا کی عمر 15 سال کے قریب ہے جو پچھلی میڈیکل رپورٹ کی نفی کرتی ہے جس میں دعا کی عمر 17 سال بتائی گئی تھی۔مہدی کاظمی کے وکیل نے کہاکہ نئی عمر کے تعین کا مطلب ہے کہ اس معاملے میں اغوا، کم سن بچوں کی شادی، اور جنسی جرائم کے جرائم کی تمام دفعات لاگو ہوتی ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں