سندھ ہائیکورٹ،پی آئی اے نجکاری کیخلاف حکم امتناع کی درخواست مسترد

عدالت نے درخواست گزار کو مزید تیاری کیلیے مہلت دیتے ہوئے سماعت 23 مئی تک ملتوی کردی

بدھ 24 اپریل 2024 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی ای)کی نجکاری کے خلاف حکم امتناع کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت عالیہ میں پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ نجکاری ہوگئی تو معاملہ بین الاقوامی عدالت انصاف کے دائرے میں چلا جائے گا۔

درخواستگزار نے کہا کہ آئین کے تحت حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری کا اختیار نہیں۔ڈپٹی اٹارنی جنرل خلیق احمد کا کہنا تھا کہ ابھی درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر بھی اعتراضات ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ نے درخواست میں نجکاری کمیشن کو فریق ہی نہیں بنایا جو بنیادی ادارہ ہے جس پر درخواستگزار کا کہنا تھا کہ بنیادی فورم کابینہ ہے، اس لیے کابینہ کے فیصلوں کو ہی چیلنج کیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی دستاویزات سے ثابت ہوتا ہے کہ نجکاری کا فیصلہ نگراں حکومت نے کیا۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ نجکاری کا فیصلہ اگست 2023 میں کیا گیا۔درخواستگزار کے مطابق پی آئی اے کی غیرملکی سرمایہ کاروں کو فروخت سے قومی مفاد متاثر ہوگا۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا کابینہ سمیت دیگر ادارے قومی مفاد کو نظرانداز کر سکتے ہیں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ دیگر اداروں کی نجکاری کے معاہدوں کا جائزہ لیں، صورتحال واضح ہوجائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس درخواست نمٹانے کے بہت سے راستے ہیں لیکن معاملہ اہم ہے، عدالت چاہتی ہے کہ تمام پہلو سامنے آئیں، اس لیے کیس تحمل سے سن رہے ہیں۔عدالت نے نجکاری کے خلاف حکم امتناع کی درخواست مسترد کردی جبکہ درخواست گزار کو مزید تیاری کیلیے مہلت دیتے ہوئے سماعت 23 مئی تک ملتوی کردی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں