غیر ملکی باشندوں پر حملے میں استعمال موٹر سائیکل شوروم سے قسطوں پر حاصل کئے جانے کا انکشاف

سی ٹی ڈی ٹیم نے شوروم مالک کا بیان ریکارڈ کرلیا، 2018ءماڈل کی موٹر سائیکل 2020ءمیں صدام حسین تھیم نامی شہری نے قسطوں پر خریدی تھی،شوروم مالک کا بیان

ہفتہ 27 اپریل 2024 11:35

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 اپریل2024 ء) کراچی کے علاقے لانڈھی میں غیر ملکی باشندوں پر حملے میں استعمال موٹر سائیکل کورنگی مہران ٹاوٴن کے شوروم سے قسطوں پر حاصل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے، انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) ٹیم نے شوروم مالک کا بیان ریکارڈ کرلیاگیا،تفصیلات کے مطابق19 اپریل کو ہونے والے لانڈھی میں جاپانی شہریوں کی گاڑی پر خودکش حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

کاوٴنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر اداروں کی جانب سے مانسہرہ کالونی لانڈھی میں غیرملکی باشندوں کی گاڑی پر خودکش حملے کی تحقیقات کے دوران دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔2018 شوروم مالک کا کہنا تھا کہ 2018ءماڈل کی موٹر سائیکل 2020ءمیں صدام حسین تھیم نامی شہری نے قسطوں پر خریدی، کاوٴنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے موٹر سائیکل خریدنے والے افراد کی تلاش شروع کر دی۔

(جاری ہے)

شوروم مالک نے اپنے بیان میںریکارڈ کروایا کہ موٹرسائیکل لینے والے افراد 3 اقساط کی ادائیگی کے بعد غائب ہوگئے،موٹرسائیکل خریدنے والےافراد پر 26 ہزار روپے کی رقم واجب الادا ہے۔صدام حسین اپنے والد قربان علی کے ہمراہ موٹرسائیکل خریدنے آیا تھا، 45 ہزار روپے مالیت کی موٹر سائیکل تین ہزار روپے ماہانہ قسطوں پر فروخت کی تھی۔خیال رہے کہ کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں19اپریل کو غیر ملکیوں کی گاڑی پر ہونے والے خودکش دھماکے میں دو دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 سکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق خودکش دھماکے اور فائرنگ سے ہلاک دونوں افراد حملہ آور تھے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے واقعہ پر پہنچیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کرکے واقعے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیاتھا۔ دھماکے کے زخمیوں میں نور محمد، لنگر خان اور سلمان رفیق شامل تھے جبکہ 2 کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔ دھماکے کے زخمیوں میں کوئی غیر ملکی شامل نہیں تھا۔

گاڑی میں غیرملکی شہری موجود تھے جو محفوظ رہے۔ایس ایس پی ملیر طارق الٰہی نے بتایا تھا کہ تمام غیرملکی شہری ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں گاڑی کو نشانہ بنایاگیاتھا جس میں 5 جاپانی شہری سوار تھے۔ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایاجبکہ دوسرا دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارا گیا اورتیسرادہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیاتھا۔ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت سہیل کے نام سے ہوئی جس کا تعلق بلوچستان کے ضلع پنجگور سے تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں