سیف الدین ایڈوکیٹ کا رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق کو شہریوں کے مسائل پر سندھ اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے پر خراج تحسین

رہائشی سوسائٹیز پر کسی کو بھی ناجائز قبضہ نہیں کرنے دیا جائے گا،جماعت اسلامی متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے جماعت اسلامی پبلک ایڈکمیٹی

اتوار 19 مئی 2024 20:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2024ء) نائب امیر جماعت اسلامی و پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ نے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق کو کراچی کے شہریوں کے مسائل کو سندھ اسمبلی میں اٹھانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ رہائشی سوسائٹیز پر کسی کو بھی ناجائز قبضہ نہیں کرنے دیا جائے گا،جماعت اسلامی متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔

دریں اثنا نائب صدر پبلک ایڈ کمیٹی سید قطب احمد نے سوسائٹیز ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت سندھ کا کوآپریٹو ڈپارٹمنٹ نام نہاد ایس او پی کو لاگو کرنے کی آڑ میں کراچی کی رہائشی سوسائٹیز پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، منتخب مینجمنٹ سوسائٹیز کمیٹیوں کو ختم کرکے ایڈمنسٹریٹر زتعینات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کو استعمال کرکے بے گناہ الاٹیز کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کی جارہی ہیں۔

ایڈمنسٹریٹرز سوسائٹیز نے پلاٹ بشمول کمرشل، ایمینٹی، پارک، اسکول و ڈسپینسری کی جعلی فائلیں بناکر اربوں روپے کمانے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے،سوسائٹیز کے اکانٹ میں سے کروڑوں روپے ہڑپ کئے جارہے ہیں۔ کراچی والے اپنے حق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔جماعت اسلامی اور اہل کراچی مل کر ان لوٹ مار کرنے والو ں کا مقابلہ کریں گے۔جماعت اسلامی پبلک ایڈکمیٹی بہت جلد اس کے خلاف احتجاجی دھرنے کا اعلان کرے گی۔

سید قطب احمد صاحب نے مزید کہا فارم 47 کے ذریعے مسلط کئے ہوئے لوگوں نے زرداری کو ملک کا صدر بنوا کر کراچی کی سوسائٹیز پر پیپلز پارٹی کو قبضہ کرنے کا لائسنس نہیں دلوایا ہے۔ کراچی اکیلا نہیں ہے کراچی جاگ رہا ہے اور کراچی اپنا حق لے کر رہے گااور فارم 47والوں کا بھی مقابلہ کرے گا۔اجلاس میں متاثرہ سوسائٹیز کے بھی نمائندوں نے اظہار خیال کیا اور الاٹیز کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں سے آگاہ کیا۔اس موقع پر مختلف سوسائٹیز میں رہنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں