سندھی اپنی ثقافت و تہذیب سے محبت کرنے والی قوم ہے، جمیل ضیاء

پیر 6 دسمبر 2021 16:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و این اے 251کے ٹکٹ ہولڈر محمد جمیل ضیانے سندھ کے ثقافتی دن کے حوالے سے پورے سندھ کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کی تہذیب ہزاروں سال قدیم ہے، سندھیوں کا شمار مہمان نواز ، امن پسند اور بہترین تہذیب رکھنے والی قوم میں ہوتا ہے، سندھی ٹوپی ، اجرک اور ہماری روایات ہماری پہچان ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی سندھی روایات کی پاسدار اور امین ہے سندھ کی عوام کے لیئے پیپلز پارٹی کی قیادت اور جیالے دن رات محنت کررہے ہیں ، ان خیالات کا اظہارانہوںنے اپنی رہائشگاہ سے جاری کردہ بیان میں کیا، جمیل ضیاء نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی ثقافتی دنوں کو بھرپور جوش و خروش سے مناتے ہیں ثقافتی دن کے حوالے سے پورے سندھ میں تقریبات اور ریلیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ سندھی اپنی ثقافت سے محبت کرنے والی زند ہ قوم ہے جو اپنی ثقافت کو بھرپور انداز سے مناتے ہیں صوبہ سندھ میں سرکاری سطح پر بھی تقریبا ت کا انعقاد پیپلز پارٹی کی سندھ ثقافت سے لگائو کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت زرخیز اور بھائی چارگی پر مبنی ہے امن کا پیغام سندھی کلچر کی بہار ہے اور ہمیں اپنی ثقافت پر فخر ہے ، سندھی اپنا کلچر ڈے منا کر پورے دنیا کو امن و محبت کا پیغام دیتے ہیں کیونکہ سندھ کو صوفیوں کی دھرتی ہونے کا بھی شرف حاصل ہے جنہوں نے اپنی تعلیمات میں انسانیت ، محبت ، بھائی چارے اور امن کا درس دیا ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے لوگوں کی بہتری کے لیئے کام کر رہی ہے سندھ کے ثقافتی دن کو صوبائی سطح پر بھرپور طریقے سے منانے کا مقصد سندھ کی عوام کو یہ پیغام دینا ہے کہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی سندھ کے لوگوں کی خوشیوں اور غم میںان کے ساتھ ہے، سندھی اپنی ثقافت اور روایات سے محبت کرنے والی قوم ہے اور یہی وجہ ہے کہ پانچ ہزار سال گزرنے کے باوجود ہم نے اپنی ثقافت کو زندہ رکھا ہوا ہے اور اپنی روایات میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں