سندھ اسمبلی میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لوگو سے بینظیر بھٹو کی تصویر ہٹانے کی مذمتی قرارداد منظور

سندھ اسمبلی نے بچوں کے ساتھ زیادتی کی روک تھام اور بچوں کے تحفظ کے لیے دوسری قرار داد بھی منظور کر لی

پیر 15 جنوری 2018 22:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2018ء) سندھ اسمبلی نے پیر کو دو قرار دادیں منظور کر لیں ۔ ایک قرار داد میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لوگو سے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصویر ہٹانے کی مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ لوگو میں یہ تصویر دوبارہ لگائی جائے ۔ یہ قرار داد پیپلز پارٹی کی خاتون رکن غزالہ سیال نے پیش کی تھی ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر برائے خوراک و پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو اور قرار داد کی محرک غزالہ سیال نے قرار داد پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پیپلز پارٹی کے دور میں کم آمدنی والے غریب لوگوں کے لیے شروع کیا گیا تھا ۔ اسے پوری دنیا نے سراہا ۔ مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت یہ پروگرام ختم نہیں کر سکی ہے لیکن پروگرام کے لوگو سے محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصویر ہٹا دی گئی ہے ، جو قابل مذمت ہے ۔

سندھ اسمبلی نے بچوں کے ساتھ زیادتی کی روک تھام اور بچوں کے تحفظ کے لیے دوسری قرار داد بھی منظور کر لی ، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ بچوں کو ’’ گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ ‘‘ کی تعلیم دی جائے ۔ یہ قرار داد پیپلز پارٹی کی خاتون رکن سائرہ شاہلیانی نے پیش کی تھی ۔ ان قرار دادوں کی منظوری کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس منگل کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں