کراچی ،پاکستان اور خصوصاً سندھ میں جس طرح اُردو زبان اور اُردو زبان بولنے والوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے وہ قابل مذمت ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

اُردو زبان کی تاریخ اور تہذیب صدیوں پرانی ہے،سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود اُردو زبان کے بجائے سندھی اور دیگر علاقائی زبانوں کو آگے لایا جارہا ہے،چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک

اتوار 25 فروری 2018 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2018ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ اُردو زبان کی تاریخ اور تہذیب صدیوں پرانی ہے لیکن پاکستان اور خصوصاً سندھ میں جس طرح اُردو زبان اور اُردو زبان بولنے والوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے وہ قابل مذمت ہے۔ وہ اُردو زبان کے قومی دن کے حوالے سے ایوان مہاجر میں تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

تقریب سے جنرل سیکریٹری ندیم مرزا ، فرید خان، اعجاز شیخ اور دیگر بھی موجو دتھے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود اُردو زبان کے بجائے سندھی اور دیگر علاقائی زبانوں کو آگے لایا جارہا ہے اور سندھ کے شہری علاقوں میں خاص طورپر کراچی اور حیدرآباد میں زبردستی بچوں کو سندھی زبان پڑھائی جارہی ہے جو کسی طورپر بھی مناسب نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اُردو زبان ہی نے پاکستان بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی قومی زبان اُردو کو اس لئے قرار دیا تھا کہ اس کی بین الاقوامی حیثیت ہے ۔ ہم پر کوئی علاقائی زبان مسلط نہیں کی جاسکتی اور نہ ہی ہم اس کو برداشت کریں گے۔ اُردو زبان کا شاندار ماضی، حال اور مستقبل ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی قومی زبان کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں کیونکہ اسی زبان کے ذریعے ملک کو مستحکم اور مضبوط کیا جاسکتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں