جماعت اسلامی سندھ کی ہالینڈ حکومت ‘ کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منعقد کروانے کے اعلان کی سخت مذمت

اس کیخلاف امت مسلمہ کو اب متحد ہوکر فیصلہ کرنا ہوگا،امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ- صدیقی

ہفتہ 18 اگست 2018 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ- صدیقی نے ہالینڈ کی حکومت اور ملعون ڈچ سیاستدان ’’گیرٹ ویلڈر‘‘ کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منعقد کروانے کے اعلان کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس کیخلاف امت مسلمہ کو اب متحد ہوکر فیصلہ کرنا ہوگا،انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ رسول اکرم ﷺ سے بے انتہا محبت ہرمسلمان کے ایمان وعقیدے کا حصہ ہے،ملعون یورپی گستاخوں کی جانب سے بار بار آخری نبی محمد عربیؐ کی توہین ایک بہت بڑی سازش کی کڑی ہے اس طرح کی حرکتوں کے ذریعے اسلام اور ہماری محبت کے محورپر مجرمانہ حملے کرکے آخری نبی ؐ سے امت مسلمہ کی محبت کو کم نہیں کیا جاسکتا۔

اس طرح کے گھنائونے اور اور اوچھے ہتکنڈوں سے امت مسلمہ کے ایمان اور عقائد کو پرکھنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ امت میں ابھی کتنی غیرت اور حمیت ہے، ان لوگوں اور گروہوں کیخلاف اگر مسلم حکمرانوں کی جانب سے کوئی مؤثر کاروائی کی جاتی تو آج انہیں یہ ہمت نہ ہوتی کہ وہ دوبارہ ہماری محبت کے محور محمد عربیؐ کیخلاف اسطرح کی مجرمانہ فعل کا ارتکاب کرسکتے۔

(جاری ہے)

کروڑوں مسلمان اور 57اسلامی ممالک کے حکمران غیرت اور اسلامی حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈنمارک، ہالینڈ سمیت ناموس رسالت ؐ پر حملہ آور افراد اور گروہوں کا معاشی بائیکاٹ کریں، یورپی ممالک کی مصنوعات خریدنا بند کی جائیں، انہوں نے یورپی یونین اور امریکہ وبرطانیہ کے حکمرانوں کی دہری پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ نام نہاد ’’ہولو کاسٹ ‘‘ کیخلاف بات کرنے والوں کو تو سزائیں اور جرمانہ کرتے ہیں لیکن اسلام اورایک ارب سے زائد مسلمانوں کے مقدس ہستی محمدؐ کی توہین کرنے کے ناپاک اور ناقابل معافی جرائم کو اظہار آزادی کا نام دیکر ہمارے زخموں پر نمک پاشی کرتے ہیں، دراصل ان تمام مجرموں اور سازشوں کے پیچھے صحیونی اور ان کے آلہ کار یورپی رہنمائوں کا ہاتھ ہے جو ہماری محبت کے مرکز پر مسلسل حملوں کے ذریعے ہماری غیرت کو للکاررہے ہیں، اسلام ایک امن پسند اور برداشت کا مذہب ہے ،ہمارے نبی ؐ نے تمام انسانوں سے محبت کا درس دیا ہے لیکن اس طرح کی سازشوں کے نتیجے میں اسلامی دنیا میں تشدد کو ابھارنے اور متشدد تنظیموں کو موقع دینے کی سازش کی جارہی ہے ،جس کے نتیجے میں یورپ کے اندر کوئی بھی انتقامی کاروائی ہوئی تو اسکو پھر اسلام اور مسلمانوں کو دہشتگرد ثابت کرنے کی کوشش کی جائے گی، ہمارے آخری نبی الزمان محمد ؐ پر ہماری جان بھی قربان ہے ،کوئی بھی مسلمان وہ چاہے کتنا بھی بڑا گنہگار کیوں نہ ہو اپنے نبی کی توہین ہرگز برداشت نہیں کرسکتا ۔

ہم تمام مسلم ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ڈنمارک اور ہالینڈ سے فوری طور پر سفارتی تعلقات ختم، ملعون ڈچ پادری سیاستدان گیرٹ ویلڈر سمیت دیگر مجرموں کو آخری نبی ؐ اور کروڑوں مسلمانوں کے توہین کرنے والے مجرموں کو گرفتار کرکے سخت سزادی جائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی اسطرح کی توہین کرنے کی جرئت نہ ہوسکے، جبکہ پوپ سمیت عیسائیوں کے مذہبی رہنمائوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اسطرح کی مجرمانہ فعل کی مذمت اور مرتکب افراد سے اپنی لاتعلقی کا کھلم کھلا اظہار کریں ۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں