مزارات اولیاء پر دعائیں قبول ہوتی ہیں، علامہ محمد الیاس قادری

ْاللہ پاک کا نیک بندہ سراپا رحمت ہے ،مزارات اولیاء رحمتوں میں ڈوبے ہوئے ہیں ،امیر اہل سنت

جمعرات 13 دسمبر 2018 22:14

مزارات اولیاء پر دعائیں قبول ہوتی ہیں، علامہ محمد الیاس قادری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے کہ جہاں اللہ کے نیک بندوں کا ذکر ہوتا ہے وہاں اللہ کی رحمت نازل ہوتی ہے ،اللہ عزوجل کا نیک بندہ سراپا رحمت ہے ،دنیا سے جانے کے بعد نیک بندے پر رحمتیں بڑھ جاتی ہیں ،اولیاء کرام کے مزارات رحمتوں میں ڈوبے ہوئے ہیں ،وہاں رحمتوں کی بارشیں ہوتی ہیں ان کے قریب جانے والے بھی رحمتوں میں حصہ پالیتے ہیں،مزارات اولیاء پر حاضری دے کر دعا مانگی جائے تو قبول ہوتی ہے ،کیونکہ وہاں اس نیک شخص کی وجہ سے رحمت نازل ہوتی ہے ،مدینہ پاک میں آقاؐ جلوہ فرما ہیں ،وہاں تو ہمہ وقت رحمتیں ہی رحمتیں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں گیارہویں شریف کے سلسلے میں منعقد ہونے والے مدنی مذاکرے میں مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

امیر اہل سنت نے کہا کہ نیک بندے پر نزع کی سختیاں اس کے اجر وثواب بڑھانے کیلئے ہوتی ہیں ،ہم اللہ عزوجل سے عافیت کا سوال کرتے ہیں ہم بہت کمزور ہیں اللہ کرے موت کے وقت سرکارؐ کا دیدار نصیب ہوجائے اور ایمان وعافیت کیساتھ موت نصیب ہوجائے۔

امیر اہل سنت نے غلط پارکنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غلط پارکنگ کی وجہ سے دوسروں کو مشکلات اور آزمائش کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسے انداز میں پارکنگ نہ کی جائے جس سے دوسری گاڑیوں کا نکلنا مشکل ہوجائے، اگر پارکنگ درست جگہ کریں گے تو اس سے لوگوں کی مشکلات میں کمی واقع ہوگی اور اس سے حادثات میں بھی کمی آسکتی ہے۔امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری نے مزید کہا کہ افسوس آج ہم میں علم دین حاصل کرنے کا جذبہ کم ہے ،لوگ دنیا وی مسائل کے حل کیلئے ماہرین سے رجوع کرتے ہیں ،امراض لاحق ہونے پر ماہر ڈاکٹروں سے مشورے لیتے ہیں ان کی ہدایات پر عمل کرتے ہیں اور ان سے علاج کرواتے ہیں اور انہیں خطیر رقم بھی دیتے ،مگر دین اسلام کے بارے میں علم حاصل کرنے والوں سے رہنمائی بہت کم لوگ لیتے ہیں ،جبکہ علماء کرام علم دین فی سبیل اللہ سکھاتے ہیں۔

اللہ تعالی ہمیں علم دین سیکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں