سندھ ہائیکورٹ، کے پی ٹی میں غیر قانونی بھرتیوں اور کرپشن ریفرنس میں جاوید حنیف، رئوف اختر صدیقی، محمود شریف اور دیگرکی ضمانت کی درخواست مسترد

جمعہ 14 دسمبر 2018 15:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ میں غیر قانونی بھرتیوں اور کرپشن کے نیب ریفرنس میں ایم کیوایم رکن سندھ اسمبلی جاوید حنیف، رئوف اختر صدیقی، محمود شریف اور دیگرکی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے۔جمعہ کوسندھ ہائیکورٹ میں کے پی ٹی میں کرپشن اورغیر قانونی بھرتیوں پر نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے ایم کیو ایم رکن اسمبلی جاوید حنیف کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔

(جاری ہے)

جاوید حنیف پرکرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔ نیب نے کہاکہ جاوید حنیف نے بابر غوری کے دور میں پورٹ اینڈ شپنگ میں 940غیر قانونی بھرتیاں کروائیں، بھرتیوں میں کے پی ٹی کے قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ، غیر قانونی بھرتیوں سے قومی خزانے کو 2 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا، ملزم نے بڑی تعداد میں جرائم پیشہ افراد کو بھی بھرتی کیا ۔اس کے علاوہ رئوف اختر صدیقی، محمود شریف اور دیگر کی درخواست ضمانت بھی مسترد کردی گئی۔عدالت نے محمد اقبال، امیر علی بروہی کی ضمانت منظورکرلی۔ ملزمان کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں زیرِسماعت ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں