قائد اعظم نے پاکستان کیلئے سیاسی و معاشی آزادی کی بات کی تھی،لیاقت مرچنٹ

بدھ 24 اپریل 2019 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2019ء) قائد اعظم کے خاندان سے تعلق رکھنے والے اور جناح سوسائٹی کے صدر لیاقت مرچنٹ نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کے قیام کی کوشش ا س لیے کی کہ کیوں کہ برطانوی تسلط اور ہندؤں کی بالادستی بڑھ گئی تھی۔ اس لیے پاکستان کے قیام کے بعد پیدا ہونے والی نسل خاص کر نوجوانوں کوقائد اعظم محمد علی جناح کے پاکستان کے تصور کی اہمیت ، وڑن اور مقاصد کے و متعلق اندازہ ہونا چاہیے کیوں کہ انہوں نے آگے چل کر ملک کی قیادت کرنی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے سر شاہنواز بھٹو آڈیٹوریم میں قائد اعظم محمد علی جناح کے پاکستان کے متعلق تصورات کے موضوع پر طالبعلموں کو لیکچر دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کبھی ختم نہیں ہوگا کیونکہ یہ قائداعظم کے وڑن کے مطابق بنا ہے۔ قائد اعظم نے پاکستان کیلئے سیاسی اور معاشی دونوں قسم کی آزادی حاصل کرنے کی بات کی۔

ہم نے ابتک سیاسی آزادی تو حاصل کرلی ہے مگر معاشی آزادی ابھی تک حاصل نہیں کی ہے۔ لیاقت مرچنٹ نے کہا کہ وہ 1980 میں قائد اعظم ٹرسٹ کے ایڈمنسٹریٹر تھے تو اس وقت قائد اعظم کی وصیت کے مطابق جو پیسے تھے وہ ہم نے سندھ مدرسہ بورڈ کے سربراہ نثار آفندی کو دیے جنہوں نے سندھ مدرستہ الاسلام کو دینے کے بجائے وہ پیسے کہیں اور خرچ کردیے۔انہوں نے کہا کہ وہ رقم سندھ مدرستہ الاسلام کو نہ ملنے پر معافی کے طلبگار ہیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ نوجوان نسل کو قائد اعظم کی زندگی کی بابت آگاہ کرنا بے حد ضروری ہے۔ یہ بات قابل حقیقت ہے کہ مسلمان ہندستان میں اپنے حقوق سے محروم تھے۔ جبکہ سندھ میں بھی اس وقت ہندو اور مسلمانوں کے درمیان تفریق تھی۔ آخر میں وائس چانسلر سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی شیخ نے لیاقت مرچنٹ کو شیلڈ بھی پیش کی۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں