محکمہ انسداد تجاوزات نے مختلف سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم بڑی تعداد میں پتھارے، کیبن، فوڈ اسٹالزکو ہٹا دیا

منگل 22 اکتوبر 2019 18:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ضلع جنوبی اور ضلع وسطی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران مختلف سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم بڑی تعداد میں پتھارے، کیبن، فوڈ اسٹالزکو ہٹا دیا جبکہ دکانوں کے آگے بنائے گئے چبوترے، دیواریں اور سن شیڈز کو بھی مسمار کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر بلاتخصیص شہر کے چھ اضلاع میں انسداد تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے سینئر ڈائریکٹر لینڈ اینٹی انکروچمنٹس بشیر صدیقی کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ سائوتھ میں اردو بازار اور برنس روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران تمام ٹھیلے ،پتھارے ،کیبنز، کھانے پینے کے اسٹالز، ریڑھیاں ،تخت، کرسیاں، میزیں ،پنجرے اور گنے کی مشین ضبط کرلی گئی، یہ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار صدیقی نے علاقہ پولیس اور اسٹاف اینٹی انکروچمنٹ کے ہمراہ کی جبکہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں یو کے اسکوائر فیڈرل بی ایریا میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران دکانوں کے آگے بنائے گئے چبوترے، دیواریں، جالیاں، سن شیڈز بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کردیئے گئے جبکہ بلاک 16 میں موٹر سائیکل مارکیٹ میں بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں ڈائریکٹر سینٹرل منہاج الحق ،ڈپٹی ڈائریکٹر سید مشتاق علی ،منظر مہدی نے علاقہ پولیس کی موجودگی میں اینٹی انکروچمنٹ اسٹاف کے ہمراہ حصہ لیا۔

(جاری ہے)

محکمہ انسدا د تجاوزات کی جانب سے ضلع جنوبی اور ضلع وسطی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری ہے اور مزید علاقوں میں سڑکوں ، فٹ پاتھوں اور گرین بیلٹس پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ دریں اثناء میئر کراچی نے تاجر برادری سے کہا ہے کہ سڑکوں، گرین بیلٹ اور سروس روڈ پر کاروبار کرنے سے گریز کریں، اس سے لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے اور شہر کی خوبصورتی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی شہر کے وسیع تر مفاد میں کی جارہی ہے لہٰذا تمام شہری متعلقہ محکمے سے تعاون کریں اور شہر کی بہتری میں ہاتھ بٹائیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں