کراچی آرٹس کانسل اور گرین کریسنٹ ٹرسٹ کی جانب سے ایک روزہ میلے کا انعقاد

ہفتہ 14 دسمبر 2019 18:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2019ء) اندرون سندھ کے دور دراز اور مضافاتی علاقوں کے اسکولوں کے طلبا کے لیے کراچی آرٹس کانسل اور گرین کریسنٹ ٹرسٹ کی جانب سے ایک روزہ میلے کا انعقاد آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں کیا گیا۔ میلے کا افتتاح ایم این اے آفتاب صدیقی اور سی ای او گرین کریسنٹ زاہد سعید نے کیا۔کراچی آرٹس کانسل میں سجنے والا میلہ سندھ کے مضافاتی علاقوں کے مختلف اسکولوں کے طلباء کی غیر نصابی سرگرمیوں پر مبنی تھا۔

جس میں اندرون سندھ کے 150 سے زائد اسکولوں کے طلباء شریک ہوئے۔ طلباء نے تقریری، نعتیہ اور ملی نغموں کے مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مقابلہ جیتنے والے طلبا کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔ اندرون سندھ کے دور دراز اور مضافاتی علاقوں کے طلبا نے سندھ کی ثقافت کو دلکش انداز سے پیش کیا جبکہ طلبا کے بنائے ہوئے مختلف سائینس اور دیگر پراجیکٹس شرکا کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم این اے آفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ ہونہار طالب علم ہی ہمارے مستقبل کے معمار ہیں جنہیں مواقع فراہم کیے جائے تو یہ طالب علم کسی سے کم نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آرٹس کانسل کراچی اور گرین کریسنٹ ٹرسٹ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے مل کر بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایسے تخلیقی میلے کا انعقاد کیا ہے۔

گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے سی ای او زاہد سعید نے کہا کہ گرین کریسنٹ ٹرسٹ سندھ بھر کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے اس میلے کے انعقاد کا مقصد سندھ کے دور دراز اور مضافاتی علاقوں کے وہ طالب علم جنہیں اپنی صلاحتیں دکھانے کا موقع نہیں ملتا انہیں پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ طلبا نے اپنے فن کا اظہار کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ تخلیقی صلاحتیوں میں کسی سے پیچھے نہیں۔ ایک روزہ میلے کا اہتمام گرین کریسنٹ ٹرسٹ اور آرٹس کانسل کے اشتراک سے کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں