ئ*حصول علم کا اصل مقصد ملک و ملت اور قوم کی خدمت ہونا چاہئے، مفتی محمد تقی عثمانی

اتوار 26 جنوری 2020 22:00

/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2020ء) مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد تقی عثمانی نے کہاہے کہ حصول علم کا اصل مقصد ملک و ملت اور قوم کی خدمت ہونا چاہئے مگر بدقسمتی سے علم کا مقصد صرف معاش کی بہتری ظاہر کی جارہی ہے، جو علم کے ساتھ مذاق ہے، جن لوگوں کا مقصد علم فلاح ہو اللہ تعالی ان کے معاش کو بھی بہتر کرتے ہیں،نوجوان نسل دین و دنیا کی تفریق کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ، بیت السلام ٹرسٹ ایک ادارہ نہیں بلکہ ایک تحریک ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انٹیلکٹ اسکول کورنگی میں بین الصوبائی چوتھے بیت السلام اولمپیاڈ 2020ء کے مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب خصوصی کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ترک وزارت مذہبی امور کے ادارے دیانت وقفی کے صدر اور بورڈ آف ٹرسٹی احسان اچک ، بیت السلام کے سربراہ مولانا عبدالستار، مولانا ڈاکٹر زبیر اشرف عثمانی، وزیر زویری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

چوتھے بیت السلام اولمپیاڈ 2020ء کے 16 سے 23 جنوری تک جاری رہنے والے مقابلوں میں 120 اسکول و مدارس کے تقریبا 2 ہزار سے زائد طلباء نے شرکت کی۔مقابلوں کے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں انعامات اور میڈل وغیرہ تقسیم کئے گئے۔ اکیڈمک اور اسپورٹس مقابلوں کی350پوزیشن ہولڈر طلبہ اپنے ٹیچرز اور والدین اور عمائدین شہر کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔اولمپیاڈ اکیڈمک مقابلے عربی ، اردو انگریزی میں تقاریر اور مضمون نویسی اسپیلنگ بی ، بیت بازی اور روبوٹیکس پر مشتمل تھے۔

جب کہ اسپورٹس مقابلے فٹ بال، باسکٹ بال، والی بال۔پینٹ بال، ٹیبل ٹینس، بیڈ منٹن، رسہ کشی،فلیٹ ریس، ریلے ریس پر مشتمل تھے۔مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا کہ امت اس وقت گروہوں ، جماعتوں اور نظریات میں تقسیم ہے۔امت کو اس وقت وحدت کی ضرورت ہے اور کوئی ادارہ وحدت امت کے لئے کام کر رہا ہوں تو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے۔ آج کے نونہال ہمارا مستقبل ہے اور امت کا بوجھ انہی نے اتھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام تعلیمی اداروں میں ایک تصور سامنے آرہا ہے کہ تعلیم صرف پیسہ کمانے کے لئے ہے۔ اس بیماری نے تعلیم کو برائے مفاد بنادیا ہے اور نوجوان نسل اپنی تمام صلاحیتوں کو اسی پر لگا رہی ہے۔ مفتی اعظم پاکستان نے کہا کہ تعلیم کا مقصد خدمت ہونا چاہئے اور جولوگ یہ مقصد بناتے ہیں اللہ ان کی معاش کو بھی بہتر بناتاہے۔نیت اور عمل ٹھیک ہو تو ہم اللہ تعالیٰ ہمارے کام کو عبادت بنادیں گے۔

انہوں نے بیت السلام ٹرسٹ کو دینی اور عصری تعلیمی اداروں کے طلباء کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے پرمبارک باد دیا اور کہا کہ بیت السلام ٹرسٹ اب صرف ایک ادارہ نہیں بلکہ تحریک بن گیاہے۔ بیت السلام ٹرسٹ کے سربراہ مولانا عبدالستار نے کہا کہ یہ بچے ہمارا کل ہے ، ان کی تربیت ، تعلیم اور کردار سازی کا بہتر ماحول فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔ ترک وزارت مذہبی امور کے ادارے دیانت وقفی کے صدر اور بورڈ آف ٹرسٹی احسان اچک نے کہا کہ اس وقت دنیا میں مظلوم انسانوں کی تعداد بڑھ رہی ہے ، مظاموں کی خدمت کے لئے ہمیں مزید محنت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بیت السلام کی فلاحی اور تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کے پروگرام کو انسانوں کی خدمت کے وسیلہ کے طور پر دیکھنا چاہئے۔ بیت السلام اولمپیاڈ 2020ء کے عزیر زویری نے اعلان کیا کہ آئندہ سال سے ترک اسکولوں کے بچے بھی بیت السلام اولمپیاڈ مقابلوں میں شرکت کریں گے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں