کراچی، نصیر آباد کالونی کوضلعی انتظامیہ نے قرنطینہ میں تبدیل کردیا

اتوار 5 اپریل 2020 00:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اپریل2020ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ سید قاسم نوید قمر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے نصیر آباد کالونی کوقرنطینہ میں تبدیل کردیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اس کالونی سے تعلق رکھنے والے منظور میمن کا کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے انتقال ہوگیا تھا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے ایس ایس پی عابد علی بلوچ, جنرل سیکرٹری خرم کریم سومرو اور محکمہ صحت کے افسران کے ہمراہ نصیر آباد کالونی کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا اور مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مذکورہ کالونی کے رہائشیوں کو کھانے پینے اور دیگر ضروریات زندگی فراہم کی جائیں تاکہ انہیں کوئی پریشانی نہ ہو۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر کی صدارت میں ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی، ایس ایس پی عابد علی بلوچ، رکن سندھ اسمبلی سید اعجاز شاہ بخاری، ضلعی زکوٰ کمیٹی کے چیئرمین سید شاہد شاہ اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں حکومت سندھ کی جانب سے غریب، مستحقین اور ضرورت مندوں کے لئے دئیے جانے والے راشن بیگز کی تقسیم سے متعلق لائحہ عمل طے کیا گیا اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ راشن کی تقسیم کے عمل کو صاف وشفاف رکھا جائے تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں