۱ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے عوام کو باہمی احترام ، برداشت اور رواداری کو بڑھاوا دینا ہوگا ، آفاق احمد

جمعرات 13 اگست 2020 22:25

. کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2020ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے وطن ِعزیز کے 73ویں یوم آزادی پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے عوام کو باہمی احترام ، برداشت اور رواداری کو بڑھاوا دینا ہوگا کیونکہ اس وقت ملک جن اندرونی و بیرونی خطرات سے دوچار ہے اس سے نمٹنے کیلئے بائیس کروڑ عوام کو ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر حصار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ اپنا سب کچھ لٹا کر پاکستان آنے والے مہاجر بھی اتنے ہی پاکستانی ہیں جتنا کوئی دوسرا لیکن تہتر سال گذرنے کے باوجود ہمیں دبانے کی کوششیں جاری ہیں جس کا کوئی فائدہ نہیں ہونے والا ،مہاجرقوم ایک ایسی حقیقت ہے کہ جسے تسلیم کئے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کی جاسکتیں۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کراچی سے خیبر تک بسنے والی تمام لسانی اکائیاں پھولوں کی مانند ہیں جنہیں یکجا کرکے ایک گلدستہ کی شکل دینا اس لئے بھی ضروری ہے کہ ہمارے دکھ سکھ سانجھے اور مسائل ایک جیسے ہیں جنہیں حل کرنے کیلئے کوئی باہر سے نہیں آئے گا بلکہ انہیں ہمیں مل کر حل کرنا ہونگے۔

آفاق احمد نے کہا کہ دنیا اب گلوبل ولیج بن چکی ہے اس لئے ہماری قوم کی خامیاں اور خوبیاں دنیا سے پوشیدہ نہیں رہیں اس لئے ہمارے حکمرانوں اور فیصلہ کن کردار ادا کرنے والی قوتوں کو اقتدار کی غلام گردشوں سے نکل کر عوام کو ایک بہتر مستقبل دینا پڑے گا کیونکہ جمہوری معاشروں میں عوام ہی طاقت کا سرچشمہ ہوتے ہیں اور انکی ذہنی و جسمانی بہتری و بدتری ملکوں کی ترقی کا پیمانہ بنتی ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس جانب توجہ کم سے کم تر ہوتی جارہی ہے جس کی وجہ سے قوم ایک ہجوم میں تبدیل ہوگئی اور ہر سطح پر انحطاط کا سفر تیز ہوا جسکا خمیازہ اس وطن ملک اور عوام دونوں بھگت رہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر روایتی بیانات اور بلند و بانگ دعووں کی بجائے ترقی و خوشحالی کا سفر تیز کرنے کا عہدکرنا چاہئے اور اس پورے عمل میں عوام کی شمولیت اور انکی ذہن سازی کی بھی کوششیں کرنی چاہئے کیونکہ مہاجروں سمیت اس میں میں بسنے والی تمام قوموں کی آخری جائے پناہ مملکت ِخداداد پاکستان ہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں