ملک بھر کے بلدیاتی ملازمین کسی سیاسی احتجاج کا حصہ نہیں بنیں گے،آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن

ملک بھر کے بلدیاتی ملازمین اور سرکاری ملازمین کی جدوجہد تنخواہوں، پنشن میں اضافے، بروقت واجبات کی ادائیگی، سروس اسٹرکچر، گروپ انشورنس کی ریٹائرمنٹ پر ادائیگی، پنشن، سالانہ انکریمنٹ کے جاری رہنے اور اپنی مراعات کیلئے ہے، سید ذوالفقار شاہ

اتوار 20 ستمبر 2020 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2020ء) آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے مرکزی چیئرمین سید ذوالفقار شاہ (کراچی)، صدر ملک نوید اعوان (پشاور)، سینئر نائب صدر رسول بخش شاہانی (لاڑکانہ)، جنرل سیکریٹری ملک نصیرالدین ہمائوں (گجرانوالہ)، ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمد یاسین وٹو (پاک پتن)، سینئر جوائنٹ سیکریٹری کشن لعل راجہ (نوشہروفیروز)، جوائنٹ سیکریٹری سرور خان (تخت بائی)، نائب سیکریٹری غلام نبی کاکڑ (زیارت کوئٹہ)، نائب صدر محمد عارف خان (حیدرآباد)، گل نواز سواتی (لاہور)، آرگنائزنگ سیکریٹری راجہ عاصم شہزاد (کراچی)، فنان سیکریٹری پرویز چیدا (راولپنڈی) اور بانی رہنما غلام محمد ناز صدارتی تمغہ امتیاز نے کہا ہے کہ ملک بھر کے بلدیاتی ملازمین سرکاری ملازمین کے ہمراہ اپنے حقوق و مراعات کی جدوجہد تنخواہوں، پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافے، بروقت واجبات کی ادائیگی، سروس اسٹرکچر کی منظوری، اپ گریڈیشن، ٹائم اسکیل، ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس کی ادائیگی، پنشن، سالانہ انکریمنٹ جاری رہنے سمیت دیگر مراعات کیلئے احتجاج کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

لہٰذا ملازمین کسی سیاسی جماعت کے ایجنڈے کا شکار نہ ہوں اور خالصتاً اپنی مراعات اور حقوق کیلئے احتجاج کو جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے سرکاری ملازمین باشعور ہیں اور ہر آنے والی حکومت انہی لاکھوں محنت کشوں کے ووٹوں سے وجود میں آتی ہے لیکن ان ملازمین کو نظرانداز کرنے والوں نے ہمیشہ منہ کی کھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملازمین کو ان کے جائز حقوق اور مراعات چارٹر آف ڈیمانڈ کے تحت جاری کردیں تو ملازمین احتجاج کی بجائے اپنے کاموں میں مصروف ہوجائیں گے۔

انہوں نے آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن میں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود ہیں لیکن فیڈریشن غیر سیاسی پلیٹ فارم سے اپنی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہمارے کوئی سیاسی عزائم نہ پہلے تھے اور نہ ہی آئندہ ہوں گے۔ ملازمین کو جائز حقوق و مراعات دی جائیں تو احتجاج نہیں ہوگا۔ لیکن اگر ہمارے مطالبات منظور نہ کیے گئے تو پھر ملک بھر کی سڑکوں پر احتجاج ہوگا۔ انہوں نے جدوجہد کرنے والے ملازمین کی جدوجہد کو سلام پیش کیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں