صدیق اکبر ؓ کا دورمسلم حکمرانوں کے لئے تقلید کابہترین نمونہ ہے، صدیق اکبرؓ کانفرنس

منگل 26 جنوری 2021 18:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) خلیفہء بلافصل سیدناصدیق اکبرؓ نے ختم نبوت پر کوئی مفاہمت نہیں کی، آپؓ نے ختم نبوت پر پہرادے کر دنیاکو بتادیا کہ عقیدہء ختم نبوت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا،آپ ؓ عشق رسولﷺ کا عملی نمونہ تھے،سیدناصدیق اکبرؓ نے پہلی اسلامی مملکت کی بنیادکو مضبوط کرکے اسلامی طرزحکمرانی کی بہترین مثال پیش کی جس پر چل کر دیگر خلفاء راشدین اور بعد کے آنے والے حکمرانوں نے حقیقی فلاحی مملکت قائم کی اور رہتی دنیاتک کے لئے مثال بنادی۔

یہ باتیں جمعیت علمائے پاکستان کے تحت نارتھ کراچی میں علامہ محمدحفیظ اللہ ہادیہ کے زیرصدارت اور سینئر رہنماجے یوپی فقیر ملک محمدشکیل قاسمی کے زیرنگرانی منعقدہ افضلیت سیدناصدیق اکبر ؓ ومحبت آل رسولﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر طریقت مفتی محمدہادی بخش صدیقی نے کہیں۔

(جاری ہے)

کانفرنس میںمہمانان خصوصی پاکستان سرائیکی عوامی اتحاد کے چیئرمین ملک فیصل کھرل، رانازاہد راجپوت، مفتی پیر عبدالرشید شاکر تونسوی، مفتی محمدطاہر رضوی،مفتی احمدسعید نورانی،مفتی اظہاراللہ مدنی،مولانامشکور احمدقادری، قاری کلیم اللہ نقشبندی، مفتی احمدحسن نقشبندی، سابق رہنماانجمن طلبہء اسلام محمدشکیل صدیقی عظیمی،میزبان محمدراشدہادیہ،محمدکاشان قادری،صاحبزادہ حفیظ الرحمان صدیقی،علامہ نیازاکرمی، علامہ صدیق قادری،مولاناذاکر ہادیہ، محمودعلی قدیری، محمدخالد ہادیہ،محمدفرحان قادری، محمدسفیان قادری ودیگر نے بھی شرکت وخطاب کیا۔

مقررین نے کہاکہ سیدناصدیق اکبرؓکاکوئی ثانی نہیں ، وہ تمام صحابہ کرام سے نیکیوں میں سبقت لے جانے والے، اللہ تعالیٰ نے آپؓ کو جومرتبہ بخشاکسی صحابی کے حصے میں نہیں آیا۔انہوں نے سید نا صدیق اکبر ؓ کے دورخلافت کو طرزحکمرانی کا بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ خلافت صدیق اکبرؓ پوری دنیامیں امن وآشتی کی ضمانت ہے اورخلافت صحابہ کرامؓ کی پیروی میں ہی ہماری پریشانیوںکا حل موجودہے ۔

انہوں نے کہاہے کہ سیدناابوبکرصدیق نے ؓ بلاتامل و تردد جناب نبی کریم ﷺ کی دعوت کو قبول فرمایا اور پھر اپناسب کچھ اسلام اور نبی مکرم ﷺ پر قربان کردیا۔ان کا دورحکومت مثالی طرز حکومت ہے ۔انہوںنے فتنہ ارتداد مسلیمہ کذاب کے خلاف مہم جوئی کرکے عقیدہ ختم نبوت کے پہلے سپہ سالار ہونے کا شرف حاصل کیا ۔ نبی کریم ﷺ کا سب سے زیادہ قرب حضرت صدیق اکبر ؓ کو حاصل ہوا اور وہ یار غار بھی ٹھہرے ۔

انہوںنے کہاکہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ حضرات صحابہ کرام ؓ کی تعلیمات کو عام کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ جناب نبی کریم ﷺ کے ارشاد مبارک کی روشنی میں تما م کے تمام صحابہ کرامؓ ستاروں کی مانند اور جنتی ہیں ہم بطور امتی جس صحابی کی بھی پیروی کریں گے وہ ہمیں جنت میں ہی لے جائے گی۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ ایسی قانون سازی کی جائے کہ حضرات صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخی جرم ہو۔

انہوںنے مطالبہ کیاکہ حکومت امتناع قادیانیت ایکٹ پر عمل درآمد کی صورت حال کو بہتر بنائے اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کی روشنی میں مرتد کی شرعی سزا نافذ کی جائے۔انہوں نے کہاہے کہ ہرسطح کے نصاب تعلیم میں خلافت صحابہ کے ادوار کو شامل کیاجائے اور قرآن پاک کے منتخب حصوں کو نظام تعلیم کا حصہ بنایاجائے ،لارڈ میکالے کے نظام تعلیم ختم کرکے اسلامی نظام تعلیم نافذ کیاجائے اور خلافت صحابہ اور خلفاء اسلام کو سرکاری طور پرمنایا جائے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں