جماعت اسلامی ضلع کیماڑی کے وفد کی ڈی سی ویسٹ سے ملاقات ،اورنگی نالہ آپریشن کے حوالے سے تحفظات وسفارشات سے آگاہ کیا

بدھ 3 مارچ 2021 18:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2021ء) جماعت اسلامی ضلع کیماڑی کے وفد کی ڈی سی ویسٹ سلیم اللہ اوڈھو سے ملاقات ، امیر ضلع کیماڑی فضل احد اور سابق ایم پی و صدر پبلک ایڈ کمیٹی حمید اللہ خان ایڈوکیٹ کی قیادت میں وفد نے اورنگی نالہ آپریشن کے حوالے سے اپنے تحفظات اور سفارشات سے آگاہ کیا اور ترقیاتی کاموں سمیت دیگر امور پر گفتگو کی۔

جماعت اسلا می نے مطالبہ کیا ہے کہ اورنگی نالہ آپریشن کی ضد میں آنے والے متاثرین اور خاص طور پر لیز مکان والے متاثرین کو فوری متبادل جگہ دی جائے جبکہ آپریشن کے حوالے سے اڑتی افواہوں اور انتشار کی فضا کے خاتمے کے لئے عوام کو آگہی دینے کے ساتھ ساتھ علاقہ میں ایک سروے ٹیم بھی بھیجی جائے جو نشانات کا جائزہ لے اور عوامی تحفظات دور کیئے جائیں۔

(جاری ہے)

ڈی سی ویسٹ نے عوام کی آگاہی کے لئے ڈیسک کے قیام ،اور علاقہ کے سروے کے لئے ٹیم بھجنے کی یقین دہانی کی اور متبادل جگہ کی فراہمی کے مطالبے کو حکام بالا کے سامنے اٹھانے کا وعدہ بھی کیا۔اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع کیماڑی انعام الرحمان ،سابق چیئر مین بنارس نواز خان ،صدر یوتھ ضلع کیماڑی عامر نواز عباسی اور سیکرٹری اطلاعات اسماعیل غازی بھی موجود تھے۔

فضل احد نے ا س موقع پر کہا کہ اورنگی نالہ آپریشن وقت کی ضرورت ہے لیکن عوام کو متبادل دئے بغیر آپریشن سے انتشار پھیلے گا۔ریاست ماں کا کردار ادا کرے اور عوام کو ہر حد تک مستفید کیا جائے۔حمید اللہ خان نے کہا آپریشن کے حوالے سے عدم آگاہی کی وجہ سے افواہوں کا بازار گرم ہو گیا ہے جس کی وجہ سے علاقہ عوام پریشان ہیں اور علاقہ میں انتشار کی فضاء ہے۔

جماعت اسلامی کے دفاتر پر بڑی تعداد میں عوامی شکایات موصول ہوئی ہیں جماعت اسلامی اس سب صورت حال میں عوامی کے ساتھ کھڑی ہے اور چاہتی ہے کہ عوامی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے آپریشن باہمی رضامندی اور امن و مان کی صورت حال میں مکمل کیا جائے۔مزید برآن وفد نے علاقے میںسابقہ بلدیاتی نمائندوں کے جاری ترقیاتی کاموں کی سست رفتاری پر بھی ڈی سی ویسٹ کی توجہ دلائی جس پر ڈی سی ویسٹ نے کہا کہ اہم ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائینگے۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں مفاد عامہ کے کام کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔اورنگی نالہ آپریشن کے حوالے سے کوشش ہے کہ عوام کا نقصان کم سے کم ہو۔آپریشن کے حوالے سے تمام تحفظات دور کئے جائینگے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں