سندھ گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس اور حکومت سندھ کی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کے مابین مذاکرات، چارٹر آف ڈیمانڈ پر تفصیلی تبادلہ خیال

تمام مطالبات پر تفصیلی رپورٹ طلب، آئندہ مذاکرات جولائی میں ہوں گے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری سندھ نے اجلاس کی صدارت کی

پیر 14 جون 2021 21:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) سندھ گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کی پانچ رکنی مذاکراتی ٹیم چیئرمین حاجی اشرف خاصخیلی (گسٹا)، وائس چیئرمین سید سردار علی شاہ (ریونیو)، وائس چیئرمین نذر حسین جلالانی (سینوا)، جنرل سیکریٹری محمد اشرف بوزئی (اپیکا) اور ایڈیشنل جنرل سیکریٹری اکرم راجپوت (لوکل گورنمنٹ) پر مشتمل نے حکومت سندھ کی جانب سے مقرر کردہ اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی زیر صدسرت ایڈیشنل چیف سیکریٹری و ہوم سیکریٹری ڈاکٹر عثمان چاچڑ، سیکریٹری جنرل ایڈمن S&GAD، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، سیکریٹری ایجوکیشن اور سیکریٹری ایریگیشن نے سگیگا کے پیش کردہ 13 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

25 فیصد تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے طے کیا گیا کہ وفاق اور تینوں صوبوں سے کیے گئے تنخواہوں، پنشن میں اضافے سے زائد صوبہ سندھ کے ملازمین کی تنخواہوں پنشن میں اضافہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

گروپ انشورنس، یوٹیلٹی الائونس، ٹائم اسکیل، تعلیمی بورڈز کی سالانہ اور بقایا گرانٹ، ہیلتھ کارڈ، ہائوسنگ اسکیم، ریٹائرمنٹ کے واجبات کی فوری ادائیگی اور اداروں پر واجب الادا واجبات کی فوری ادائیگی، فوتگی کوٹے پر متعلقہ اداروں کو اختیار دینے جیسے مطالبات پر تفصیلی رپورٹس کیلئے متعلقہ سیکریٹریز کو ہدایت جاری کردی گئی۔

جبکہ بلدیاتی ملازمین کی آن لائن ٹریژری سے تنخواہوں کی ادائیگی کے سلسلے میں قائم کردہ کمیٹی سے رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ اس سلسلے میں آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سندھ کے صدر سید ذوالفقار شاہ اور جنرل سیکریٹری اکرم راجپوت بدھ کے روز اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سے ہونے والی کارروائی سے آگاہی حاصل کریں گے تاکہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جاسکے۔ چارٹر آف ڈیمانڈ کے تمام مطالبات بشمول لوکل گورنمنٹ ملازمین کی آن لائن ٹریژری سے تنخواہوں کے متعلق رپورٹ پر آئندہ اجلاس منعقدہ جولائی میں پیش کرنے کیلئے متعلقہ سیکریٹریز کو ہدایات جاری کردی گئیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں