جوبلی مارکیٹ کا انہدام ، متبادل دیئے بغیر کارروائی ظلم و زیادتی ہے ،حافظ نعیم الرحمن

تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کرانے والوں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے ، تاجروں سے روزگار نہ چھینا جائے کسی بھی جگہ انہدامی کی کارروائی سے قبل متاثرین کو متبادل جگہ اور معاوضہ ادا کیا جائے ، جماعت اسلامی متاثرین کے ساتھ ہے

جمعرات 29 جولائی 2021 22:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جوبلی مارکیٹ سمیت اس سے ملحق دیگر دکانوں کو مسمار کرنے ، تاجروں کو گرفتار اور بے روزگار کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجروں کو متبادل جگہ فراہم کیے بغیر ان کی دکانوں کو گرانا ظلم و زیادتی ہے ۔کورونا کی وباء کے باعث تاجروں کا پہلے ہی بھاری مالی نقصان ہو چکا ،تاجروں سے کاروبار نہ چھینا جائے ۔

حکومت لوگوں کو روزگار فراہم کرنے اور مسائل حل کرنے کے بجائے مسائل میں اضافہ کر رہی ہے اور بر سر روزگار لوگوں کو روزگار سے محروم کر رہی ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے جماعت اسلامی کا موقف بہت واضح اور دو ٹوک ہے ۔ تجاوزات کے خاتمے کی مہم کے دوران صرف غیر قانونی تعمیرات کو ہی مسمار نہ کیا جائے بلکہ ان غیر قانونی تعمیرات میں ملوث عناصر ، حکومتی اداروں کے اہلکار اور افسران اور جن کی سیاسی چھتری اور سرپرستی میں یہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات ہوئی ہیں ان کو بھی انصاف کے کٹہرے اور قانون کی گرفت میں لایا جائے ، ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق کراچی میں تجاوزات کے خاتمے کی مہم کے دوران سینکڑوں دکانوں اور کئی مارکیٹوں کو منہدم کیا گیا جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد اور چھوٹا کاروبار کرنے والے تاجر براہ راست متاثر ہوئے لیکن آج تک کسی بھی جگہ متاثرین کو متبادل جگہ اور معاوضہ ادا نہیں کیا گیا اور بعض لوگ تو اپنے کاروبار کے بند ہوجانے اور بھاری مالی نقصان کے باعث سڑکوں پر آگئے اور کوئی ان کا پُرسان حال نہیں ۔

ان کے نقصانات کا کوئی ازالہ نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر میں بڑی تعداد میں رہائشی بستیوں کے مکینوں کو بے دخل کرنے سے قبل ان کو متبادل جگہ اور معاوضہ فراہم کیا گیاتاکہ ان کے نقصانات کا ازالہ ہو سکے اور وہ اپنی زندگی سکون اور چین کے ساتھ گزار سکیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی جوبلی مارکیٹ سمیت دیگر متاثرین کے ساتھ ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ ان سب کو متبادل جگہ اور معاوضہ دیا جائے اور آئندہ کسی بھی جگہ انہدامی کارروائی کرنے اور لوگوں کو دکانوں یا مکانوں سے بے دخل کرنے سے قبل ان کو متبادل جگہ اور معاوضہ دیا جائے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں