ہمدرد یونیورسٹی کی تاریخ قابل فخر حیثیت رکھتی ہے اور حکیم محمد سعید مرحوم کی طب اور تعلیم کے شعبے میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ڈی جی رینجرزسندھ

جمعرات 23 ستمبر 2021 23:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے ہمدرد یونیورسٹی(مدینتہ ا لحکمہ)حکیم سعید روڈ کیمپس کا دورہ کیا۔اس موقع پر یونیورسٹی کی چانسلر محترمہ سعدیہ راشد اور انتظامیہ نے ڈی جی رینجرز سندھ کااستقبال کیا۔ ڈی جی رینجرزسندھ نے اپنے خطاب کے دوران ہمدرد یونیورسٹی کے بانی مرحوم حکیم سعید کو زبر دست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمدرد یونیورسٹی کی تاریخ قابل فخر حیثیت رکھتی ہے اور حکیم محمد سعید مرحوم کی طب اور تعلیم کے شعبے میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ڈی جی رینجرز سندھ نے کہا کہ ہمدرد یونیورسٹی کی طرح پاکستان بھی ایک خواب کی تعبیر ہے۔ اس ملک کی ترقی میں اب ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہے تاکہ ہم بھی اپنے آنے والی نسلوں کے خواب کو حقیقت بنا سکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یونیورسٹی کی چانسلر،وائس چانسلر، انتظامیہ اور طلبا نے قیام امن میں رینجرز کی کوششوں کو سراہا۔بعد ازاں ڈی جی رینجرزسندھ نے ہمدر د یونیورسٹی میں قائم لائبریری اور میوزیم کا دورہ کیااور مہانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ آخر میں گرین پاکستان شجر کاری مہم کے تحت ڈی جی رینجرزسندھ نے پودا لگایا جبکہ طلبہ و طالبات، رینجرز افسران اور جوانوں نے بھی پودے لگائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں