گورنرسندھ نے ایرانی صدرڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا

منگل 23 اپریل 2024 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کوڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی۔گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کو اعزازی ڈگری دینے پر جامعہ کراچی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کیونکہ یہ جامعہ کراچی کے لئے اعزاز کی بات ہے، کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کو اعزازی ڈگری دی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک ایران سفارتی تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں، میری کوشش اور خواہش ہے کہ مسلم ممالک کے درمیان ایک مثالی تعلق ہو، اسی لئے ایران اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہوں، میں ایران کے کئی صوبوں کا دورہ کرکے وہاں کے تاجروں اور صنعت کاروں سے ملاقات بھی کرچکا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایرانی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان خصوصاً اس کے معاشی حب کراچی میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاں سرمایہ کاری کریں، اس کے ساتھ ساتھ میری خواہش ہے کہ وہ ایس آئی ایف سی کے منصوبوں میں شمولیت اختیار کریں جوکہ سرمایہ کاروں کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی سفیر اور قونصل جنرل جس طرح سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ، وہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کے لئے مزید موثر پالیسی بنائی جائے، جس سے دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کو مزید فروغ مل سکے، دونوں ملکوں کے مابین سرمایہ کاری باہمی معیشت کے لئے انتہائی سودمند ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاک ایران ہمسایہ ممالک ہونے کے باعث مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں اس ضمن میں باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ، تجارتی وفود کے تبادلوں اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں قریبی رابطہ دونوں ممالک کے عوام کے لئے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے وسائل کو استعمال کرکے اپنی معیشت کو بہتر کرنا ہوگا،ہماری معیشت بہتر ہوگی تو عوام کا معیار زندگی بھی بہتر ہوگا،میری دعا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی پختگی میں مزید اضافہ ہو۔

اس سے قبل اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ان کا ائیر پورٹ پر استقبال کیا۔ گورنر سندھ نے معزز مہمان کی کراچی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری،صوبائی وزرا ء عذرا پیچوہو،شرجیل انعام میمن ، سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی،علی حسن زرداری اور سردار شاہ بھی موجود تھے۔

بعد ازاں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے مزار پر حاضری دی۔مزار قائد پر حاضری کے بعد گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے ہمراہ مزار قائد سے وزیر اعلی ہاؤس روانہ ہوئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں