این آئی سی وی ڈی کے 29ویں چیسٹ پین اور اسٹروک (فالج) کے یونٹ کاجناح ہسپتال کراچی میں افتتاح

منگل 30 اپریل 2024 22:07

ٍکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2024ء) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب(این آئی سی وی ڈی) نے حکومتِ سندھ کے اشتراک سے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (JPMC) کراچی میں اپنی29ویں چیسٹ پین اور اسٹروک (فالج) کے یونٹ کا آغاز کر دیا ہے، جس کی بدولت مریضوں کو امراضِ قلب اور فالج کی فوری طبّی امداد بالکل مفت فراہم کی جائیگی۔ وزیر صحت سندھ، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر، ایس آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر جاوید اکبر سیال اور جے پی ایم سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول کے ساتھ یونٹ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر این آئی سی وی ڈی اور جے پی ایم سی کی منیجمنٹ اور دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

جے پی ایم سی میں چیسٹ پین یونٹ کا قیام اہل کراچی کے لئے ایک اور تحفہ ہے۔ یہ چیسٹ پین اور فالج کا یونٹ مین این آئی سی وی ڈی سے منسلک ہوگا، دل کے دورے اور فالج کے مریضوں کو فوری طبّی امداد کی فراہمی کے بعد این آئی سی وی ڈی منتقل کیا جائیگا، جہاں پر جدید سہولیات میسر ہیں۔

این آئی سی وی ڈی نے دل کی صحت کے شعبے میں چیسٹ پین یونٹس کے قیام سے ایک نیا دور متعارف کرایا ہے۔ یہ چیسٹ پین یونٹس کا منفرد پروگرام دنیا میں کہیں بھی نہیں ہے۔ یہ چیسٹ پین یونٹس 24 گھٹنے امراضِ قلب کے مریضوں کو ہنگامی طبّی امداد فراہم کرنے میں مصروفِ عمل رہتے ہیں۔ چیسٹ پین یونٹس جدید طبّی سہولیا ت سے آراستہ ہیں اور ان چیسٹ پین یونٹس میں ابتدائی تشخیص کی سہولت بھی میسر ہے۔

دل کے دورے کے مریضوں کو فوری طبّی امداد کے بعد پرائمری انجیوپلاسٹی اور دیگر پروسیجرز کے لئے این آئی سی وی ڈی منتقل کیا جاتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پورے صوبہ سندھ میں مزید چیسٹ پین یونٹس قائم کیے جائیں گے۔ ان چیسٹ پین یونٹس سی7 سال عرصے میں 13 لاکھ سے زائد مریض مستفید ہوئے ہیں اور31ہزارسے زائد دل کے دورے کے مریضوں کی زندگیاں بچائی گئی ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں