فٹ پاتھ اور سڑکوں پر تعمیراتی ملبہ کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ اور ٹائون ایڈمنسٹریشن مل کر اقدامات کریں، کمشنر کراچی

منگل 30 اپریل 2024 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) فٹ پاتھ اور سڑکوں پر تعمیراتی ملبہ کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ اور ٹائون ایڈمنسٹریشن مل کر اقدامات کریں اور تمام ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن اپنے اپنے ٹائونز میں تعمیراتی ملبہ کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹیمین بنائیں۔منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت شہری مسائل اوران کے حل کے حوالے سے اقدامات کے جائزہ اجلاس میں کیاگیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹاون میونسپل کمشنرز اس سلسلہ میں نوٹیفکیشن جاری کریں گے اورذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق جرمانہ بھی عائد کریں گے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر فواد غفار نے کمشنر کراچی کو صفائی ستھرائی، فٹ پاتھ اور سڑکوں پر رکا وٹ بننے والی تجاوزات کے خلاف کارروائی، انسداد پولیو مہم کی نگرانی، پرائس کنٹرول ، سڑکوں پر پڑے گڑھوں ،اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب ، پانی کی فراہمی اور سیوریج کے مسائل کے حل اور مختلف علاقوں میں سڑکوں کی بہتری کیلئے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر کراچی نے کہا کہ سڑکوں پر تعمیراتی ملبہ کی روک تھام کیلئے مربوط اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،فٹ پاتھ اور سڑکوں پر تعمیراتی ملبہ ٹریفک کی روانی اور پیدل چلنے والوں کیلئے پریشانی کا باعث ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع میں موجود ان تمام پیڈسٹرین برجز کی مرمت کی جاے گی جن کے گرل ٹوٹ گئے ہیں جس پرکمشنر کراچی نے ہدایت دی کہ ایسے تمام پیڈسٹرین برجزکی مرمت کیلئے ترجیحی اقدامات کئے جائیں ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر وسطی فواد غفار، تمام اسسٹنٹ کمشنرز ، مختلف ٹاون چیئرمینز میونسپل کمشنرز ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ،شعبہ تعلیم اور محکمہ صحت کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں