سندھ کے کتب خانوں میں فرنیچر، نئی کتابیں، کمپیوٹرز سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی ، صوبائی وزیر سیدذوالفقار علی شاہ

منگل 30 اپریل 2024 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے کتب خانوں میں فرنیچر، نئی کتابیں، کمپیوٹرز سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ کتب کی فراہمی کے حوالے سے پبلشرز کا اجلاس بھی طلب کیا جائے گا۔منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہو نے ڈاکٹر محمد عمر بن داد پوتا لائبریری حیدرآباد کا دورہ، لائبریری کے مختلف حصوں کا معائنہ اور طلباء سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہو نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا ویژن ہے کہ سندھ کی لائبریریز کو آباد کرکے نوجوانوں کو تمام علوم کے حصول کے مواقع فراہم کریں، ہم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق کتب خانوں کو جدید خطوط پر استوار کرکے طلبا ء کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے طلبا ء سے لائبریری میں فراہم کردہ سہولیات سے متعلق معلومات لیں اور طلبا ء کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہدایات بھی دیں۔

انہوںنے ڈاکٹر محمد عمر بن داد پوتا لائیبریری کے توسیعی منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ دریں اثنا صوبائی وزیر نے مہران آرٹس کونسل لطیف آباد کا دورہ کیا اور مہران آرٹس کونسل کے تعمیراتی و تزئین و آرائش کے کام کو جلد مکمل کرنے کے بھی احکامات دیے۔ سید ذوالفقار علی شاہ سندھی لینگویج اتھارٹی قاسم آباد بھی گئے اور کتب خانے اور ریکارڈ کا معائنہ کیا۔

انہوںنے انتظامیہ سے بریفنگ کے بعد سندھی لینگویج اتھارٹی کو مزید بہتر بنانے اور تاریخی و دستیاب کتب کو جدید تقاضوں کے مطابق محفوظ کرنے کی ہدایت کی۔ انہو نے کہا کہ ادب و زبان کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے، سندھی لینگویج اتھارٹی نے گرانقدر کام کیا ہے تاہم مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ بعد ازاں صوبائی وزیرنے ڈاکٹر این اے بلوچ انسٹیٹیوٹ آف ہیریٹیج ریسرچ سینٹر جامشورو کا بھی دورہ کیا اور سینٹر پر موجود عملے سے ملاقات کرکے معلومات لیں۔اس موقع پر ڈی جی لائبریریز اعجاز شیخ، ڈی جی کلچر منور مہیسر و دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں