رینجرز سندھ کی منشیات فروش،اسٹریٹ کرمنلزاور ڈکیتی کی روک تھام کیلئے اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری

بدھ 8 مئی 2024 21:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2024ء) پاکستان رینجرز (سندھ)اور پولیس نے دوران اسنیپ چیکنگ مشترکہ مختلف کارروائیوں کے دوران کراچی کے علاقوں یوسف لدھیانوی روڈ گلشن اقبال، غوثیہ موبائل مارکیٹ شاہ ولی اللہ،گڈاپ ٹائون اور کے ٹی سی روڈ گلشن اقبال سے ڈکیتی اورچوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث 5ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک 30بورپسٹل بمعہ ایمونیشن،ایک موبائل فون اور2 موٹرسائیکلیں برآمد کرلیں ۔

ترجمان سندھ رینجرز کے بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم محمد قیصر نے اپنے دیگر ساتھیوں سمیر، معیز تنولی، عاقب عرف گردی اور اسامہ عرف 250کے ساتھ مل کرکھارادر کے علاقے سے ایک شہری سے 50لاکھ روپے کی ڈکیتی کرنے کا اعتراف کیا ہے جبکہ دیگر ملزمان نے ڈکیتی اور چوری میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ اور مسروقہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیاگیا ہے۔ رینجرزنے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں