دکان داروں سے بھتہ خوری کرنے والے جعلی کسٹم انسپکٹرز گرفتار

ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ ، گولیاں ، زیب تن کسٹم یونیفارم ، بھتہ کی مد میں وصول کی گئی 8 ہزار روپے نقدی برآمد

ہفتہ 18 مئی 2024 18:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) پاکستان بازار پولیس نے دورانِ چیکنگ کسٹم کے 2 جعلی سب انسپکٹرز سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ ، نقدی ، جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگی گاڑی اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے مطابق گرفتار کسٹم کے 2 جعلی سب انسپکٹرز کی شناخت محمد عمیر اور حماد احمد جب کہ تیسرے ساتھی اہل کار کی شناخت اشرف کے نام سے کی گئی جو کہ دکان داروں سے بھتہ خوری سمیت اسمگلرز کو بھی بھتے کے عوض سہولت فراہم کرتے تھے۔

(جاری ہے)

ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ ، گولیاں ، زیب تن کسٹم یونیفارم ، بھتہ کی مد میں وصول کی گئی 8 ہزار روپے نقدی اور 27 ڈنڈے سگریٹ برآمد ہوئے ہیں جو انہوں نے اورنگی ٹاون مہاجر چوک کے قریب واقع دکاندار کو بلیک میل کر کے بھتہ کی مد میں وصول کیے تھے ۔ترجمان کے مطابق پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگی سیاہ رنگ کی ٹویوٹا کرولا کار نمبر جی پی 0025 کو بھی اپنے قبضے میں لے لی۔ گرفتار ملزمان حماد اور اشرف اس سے قبل بھی جعلی سرکاری افسر بن کر لوگوں کو لوٹنے اور اسلحہ کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکے ہیں پولیس گرفتار ملزمان سے مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں