ھ*کراچی؛ رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، لیاری گینگ کا انتہائی مطلوب ملزم گرفتار

ملزم منشیات کی سپلائی، بھتہ خوری، بلیک میلنگ، اغوا برائے تاوان، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں ملوث تھا، ترجما ن رینجرز

اتوار 19 مئی 2024 18:30

( کراچی(آن لائن) سندھ رینجرز اور پولیس نے یوسف گوٹھ بس ٹرمنل کے قریب مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی سپلائی، بھتہ خوری، بلیک میلنگ، اغوا برائے تاوان، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں ملوث لیاری گینگ کے انتہائی مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سندھ رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر یوسف گوٹھ بس ٹرمنل کے قریب مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ کا انتہائی مطلوب ملزم بلال کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 51 گرام حشیش، موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی۔

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم بدنام زمانہ منشیات فروش اور لیاری گینگ وار کے سرگرم گینگ کے کمانڈر کاشف ڈاڈاکا اہم کارندہ ہے۔ گرفتار ملزم نے کاشف ڈاڈا کے کہنے پر شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات کی سپلائی، بھتہ خوری، بلیک میلنگ کالیں، اغوا برائے تاوان، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزم ماضی میں گرفتاری سے بچنے کے لیے ایران روپوش ہوگیا تھا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ ملزم ڈکیت گروہ کو غیر قانونی اسلحہ خرید و فروخت کرنے کے ساتھ ساتھ کرائے پر بھی فراہم کرتا تھا۔ گرفتار ملزم کے خلاف متعدد تھانوں میں ایف آئی آر بھی درج ہیں جبکہ ملزم اس سے پہلے بھی گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزم کو منشیات اور مسروقہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ترجمان سندھ رینجرز نے عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں