صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ سے ترک قونصل جنرل جمال سانگو کی ملاقات

ترکی کی جانب سے سندھ میں موجود لائبریریز میں کلچرل سینٹر بنانے کا اعلان، پہلے مرحلے میں لیاقت میموریل لائبریری میں کلچرل سینٹر بنایا جائے گا

بدھ 22 مئی 2024 23:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سندھ سید ذوالفقار علی شاہ سے ترک قونصل جنرل جمال سانگو نے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ریجنل ہیڈ ،، ڈی جی لائبریریز اعجاز شیخ اور ایم ڈی سندھ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن فیاض شاہ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دو طرفہ ثقافت و سیاحت کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو نے سندھ میں موجود لائبریریز میں کلچرل سینٹر بنانے کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں لیاقت میموریل لائبریری کراچی میں کلچرل سینٹر بنایا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں ڈویژن کی سطح پر موجود لائبریریز میں کلچرل سینٹر بنائے جائیں گے جبکہ زیر تعلیم طلبا کو ترکیہ حکومت کی جانب سے اسکالرشپ پر ترکی بھی بھیجا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے ترک حکومت کی جانب سے کلچرل سینٹر بنانے اور طلبا کے لیے اسکالرشپ کے پروگرام پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ کثیر جہتی ثقافت تک دونوں ممالک کے عوام کی رسائی بنانا لازم ہے۔ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت و ثقافت کے فروغ سے عوام کو فائدہ ہوگا، سندھ کی تاریخی مذہبی اور ثقافتی سیاحت دنیا کے سیاحوں کا مرکز ہے لہذا ترکیے اور پاکستان کے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے دو طرفہ سیاحت و ثقافت پر مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ترکیے ہمارا اہم برادر ملک ہے، ترکیے سے مستحکم ثقافتی، سیاحتی، سماجی، سیاسی و اقتصادی تعلقات دونوں ممالک کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے ترکیے کے قونصل جنرل جمال سانگو اور حلیل ابراہیم کو سندھی روایتی اجرک اور موہن جو دڑو سے دریافت ہونے والے نوادرات کی نقول بطور تحفہ پیش کیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں