وفاقی محتسب کی زیرصدارت اجلاس،وفاقی محکموں اور ا داروں کی کارکردگی کا جائزہ

بدھ 22 مئی 2024 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) وفاقی محتسب پاکستان اعجاز احمد قریشی نے وفاقی محکموں اور ا داروں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق محتسب سیکرٹریٹ کراچی میں منعقدہ اجلاس میں کے الیکٹرک، ایس ایس جی سی، ای او بی آئی، نادرا، پی ڈبلیو ڈی، سی اے اے، پاکستان پوسٹ آفس، پاکستان ریلوے، نیپرا، آئی بی، ایف آئی اے، پی ایل سی، امیگریشن اینڈ پاسپورٹ، ایچ ای سی، ایف ای بی اور جی آئی ایف، اسٹیٹ آفس اور اوگرا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد خدمات کی فراہمی میں کارکردگی کو یقینی بنانا اور عوامی شکایات کا ازالہ کرنا تھا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ 182کے قریب وفاقی محکمے/ ادارے وفاقی محتسب کے مینڈیٹ میں آتے ہیں جن کی کارکردگی کا وقتاً فوقتا ًجائزہ لیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال 0.2 ملین سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا جن میں سے 15000 بیرون ملک مقیم شہریوں سے متعلق ہیں اور زیادہ تر کیسز بجلی، گیس، پاسپورٹ اور نادرا کے بلوں سے متعلق ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ شکایات میں تقریباً 24 فیصد اضافہ ہوا ہے جو کہ محتسب آفس پر عوام کے اعتماد میں اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی محتسب کراچی کے سینئر ایڈوائزر انوار حیدر نے کہا کہ وفاقی محتسب کراچی کا مقصد 60دنوں کے اندر شکایات کا ازالہ کرنا ہے اور یہی وجہ ہے کہ محکمہ شکایات پر 70فیصد عملدرآمد کی سطح تک پہنچ چکا ہے۔ گزشتہ سال کے الیکٹرک اور دیگر یوٹیلیٹی ڈیپارٹمنٹس سے متعلق تقریبا 25000 کیسز حل کیے گئے اور عوامی اعتماد میں اضافے کی وجہ سے کراچی آفس میں عوامی شکایات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں