چنے کی فصل کی چھدرائی کے دوران پودوں کادرمیانی فاصلہ 6انچ کرنے کی ہدایت

بدھ 13 نومبر 2019 14:01

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) ترجمان محکمہ زراعت نے چنے کی فصل کی چھدرائی کے دوران اضافی پودے نکالنے اور قطاروں میں پودوں کادرمیانی فاصلہ 6انچ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار فی ایکڑبہترپیداوار کے حصول کیلئے فصل کی نہ صرف مناسب دیکھ بھال یقینی بنائیں بلکہ فصل اگنے کے 10سے 15دن کے اندر اس کی چھدرائی بھی ضرور کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فصل اگنے کے موقع پر اگرزمین میں نمی کم ہو تو چھدرائی کا عمل ذراتاخیر سے کیاجائے کیونکہ ایسی صورت میں فصل پر سوکے کی بیماری حملہ آور ہوسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چنے کی فصل کو پانی کی کم ضرورت ہوتی ہے لہذاآبپاش علاقوں میں بارش نہ ہونے کی صورت میں پھول آنے پر اگر فصل سوکا محسوس کرے تو اسے ہلکاپانی لگادیاجائے۔ انہوں نے بتایا کہ کابلی چنے کیلئے پہلا پانی کاشت کے 45دن بعد جبکہ دوسرا پانی فصل پر پھول آنے پر دیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ جڑی بوٹیاں دوسری فصلات کی طرح چنے کی فصل کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں لہذاان کی تلفی بذریعہ گوڈی فصل اگنے کے 30 سے 40دن کے اندر ضرور کردیں جبکہ دوسری گوڈی70سے 80دن میں کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں