قصور، ممکنہ سیلاب کے خدشے سے نمٹنے کیلئے تمام تر حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دیدی جائے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

پیر 17 جون 2019 16:10

قصور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو چوہدری محمد ارشد نے کہا ہے کہ ممکنہ سیلاب کے خدشے سے نمٹنے کیلئے تمام تر حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دیدی جائے ، ضلع اور تحصیل کی سطح پر فلڈ کنٹرول رومز کے قیام کو یقینی بنایا جائے ، ضلع قصور کے تمام محکمہ جات سیلاب سے بچائو کیلئے قبل از وقت تمام تر حفاظتی انتظامات کو مکمل کریں ، اے سی سربراہان ضلع قصور میں واقع دریائے ستلج اورراوی پر تعمیر شدہ تمام حفاظتی بندوںکا باضاط خود دورہ کریں اور انسپکشن رپورٹ بھجوائیں ، فلڈ کنٹرول رومز ، فلڈ ریلیف سنٹرز اورفلڈ ریلیف کیمپس پر مشتمل فہرستوں کو فوری اپ ڈیٹ کریں تمام محکمے اپنا علیحدہ فلڈ کنٹرول روم قائم کریں گے ، تمام محکمہ جات فوکل پرسن کیلئے دو افسران کے نام رابطہ نمبرز اورڈیوٹی روسٹرز مکمل کر کے فلڈ کنٹرول روم میں آویزاں کریں ، محکمے اپنے اپنے تیار کردہ فلڈ ایکشن پلان فوری طور پر ڈی سی آفس بھجوائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات کمیٹی روم میں پری فلڈ انتظامات کے سلسلے میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر قصور عفت النساء ، اے سی چونیاں شبیر احمد ڈوگر ، اے سی کوٹ رادھاکشن زہرا دستگیر ، اے سی پتوکی آصف علی ڈوگر ، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کوارڈینیٹر تیمور بیگ ، ڈی ڈی ایچ او ہیلتھ ڈاکٹر لائق چوہدری ، ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ محمد خرم ابراہیم، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ذوالفقار احمد ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈاکٹر فرزند علی کے علاوہ تعلیم ،زراعت ، لائیو سٹاک ،پولیس ،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ،ہائی ویز، واپڈا، میونسپل کمیٹیزو دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے ۔

اے ڈی سی آر قصور کو ڈی سی آفس میں قائم کئے جانیوالے ڈسٹرکٹ فلڈ کنٹرول روم کے قیام ، ضلع بھر میں قائم کئے جانیوالے فلڈ ریلیف کیمپس اورسیلاب کی صورت میں صحت ،لائیو سٹاک ،زراعت ، واپڈا، فوڈ و دیگر محکمہ جات کی ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں