صوبائی وزیر سردار آصف نکئی کے زیر صدارت کورونا وائرس کی روک تھام اور متاثرین کی مالی امداد کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

حکومت پنجاب کورونا کے پھیلا ئو کو روکنے اور لاک ڈائون میں متاثر ہونیوالے افراد کی امداد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے سردار آصف نکئی

جمعرات 9 اپریل 2020 19:36

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2020ء) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات پنجاب سردار آصف نکئی کے زیر صدارت کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے کئے گئے اقدامات اور کورونا سے متاثرین کی مالی امداد کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں رکن قومی اسمبلی سردار طالب حسن نکئی ،رکن صوبائی اسمبلی پیر مختار احمد ، ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حنا ارشد ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر نذیر احمد ، ایڈیشنل ایس پی ملک اویس، ایس این اے زبیر انجم خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی واضح ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں اور لاک ڈائون پر سختی سے عملدرآمدکو سوفیصد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ضلع بھر کے تمام ہسپتالوں میں خصوصی وارڈز اور مختلف مقامات پر قرنطینہ سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں حفاظتی اقدام کے طور پر مشتبہ مریضوں کو منتقل کیا گیا ہے ۔

ان تمام قرنطینہ سینٹرز میں سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کو مزید بتایا کہ ضلع بھر میں ابتک 2کنفرم کیسز سمیت مجموعی طور پر 35مشتبہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن پر بروقت کاروائی کی گئی ہیں ۔ ان 2کنفرم کیسز میں سے ایک سالہ عبدالصبور صحت یاب ہو چکا ہے جبکہ 4سالہ عنایا زیر علاج ہے اور اس کی صحت دن بدن بہتر ہو رہی ہے ۔

باقی 33مشتبہ کیسز کے ٹیسٹ لیبارٹری میں بھیجے گئے تھے جن میں سے 10کی رپورٹ موصول ہو چکی ہے جس کے مطابق ان میں کورونا کی تشخیص نہ ہوئی ہے ۔ باقی 23افراد کی رپورٹس آنا باقی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر کے تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف حفاظتی تدابیر کیساتھ اس جہاد میں فرنٹ لائن پر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی پی ایس قرنطینہ سینٹر قصور میں تبلیغی جماعت کے 116افراد کو رکھا گیا ہے جو مکمل صحت یاب ہیں ان میں بیماری کی علامات نہ ہیں تا ہم انہیں حفاظتی اقدام کے طور پر مقررہ مدت کیلئے قرنطینہ سینٹر میں رکھا گیا ہے مدت پوری ہونے کے بعد انہیں گھروں کو بھیج دیا جائیگا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سردار آصف نکئی نے کہا کہ حکومت پنجاب کورونا کے پھیلا ئو کو روکنے اور لاک ڈائون میں متاثر ہونیوالے افراد کی امداد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔ پنجاب حکومت کورونا وبا کی صورتحال سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اس مشکل گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے متاثرین کی مالی امداد کیلئے فنڈ کی رقم مستحقین تک شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر پہنچائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے حکومتی اقدامات پر عمل کریں لاک ڈائون کے دوران اپنے گھروں میں رہیں کیونکہ گھر میں رہنا ہی آپ کو کورونا سے بچائے گا تاہم حکومت یہ جنگ آپ کے تعاون سے ہی جیتے گی ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں