قصور، زمین کا تنازعہ 5 افرادکی جان لے گیا

بدھ 23 ستمبر 2020 18:41

قصور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) تھانہ الہ آباد کے نواحی گائوں بونگی کلیاں میں زمین کا تنازعہ 5افرادکی جان لے گیا‘سگے بھائی نے بیٹے کیساتھ مل کر4بھتیجوں اوربڑے بھائی کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا۔تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں بونگی کلیاں میںخون سفیدہوگیا‘2 بھائیوں محمدامین اورارشدکے درمیان14ایکڑ زرعی اراضی زمین کا تنازعہ چل رہاتھاجس پر آج چھوٹے بھائی ارشد اور اس کے بیٹے جاویدنے فائرنگ کرکے بڑے بھائی امین اور اسکے چار بیٹوں کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

جاں بحق ہونے والے افرادمیں4سگے بھائی 26سالہ کلیم‘30سالہ ندیم‘20سالہ زاہد ‘ 18سالہ شاہد اور ان کا 50سالہ باپ امین شامل ہیں۔ ایک ہی خاندان کے 5افرادکے قتل کے افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی اوقصورزاہدنوازمروت‘ڈی ایس پی چونیاں خالداسلم ‘پولیس تھانہ الہ آباد‘ریسکیو1122‘سپیشل برانچ اور دیگر تحقیقاتی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لے کرپوسٹ مارٹم کے لئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چونیاں منتقل کردیاہے۔چاربھتیجوں اور بھائی کو قتل کرنے والا ملزم ارشداپنے بیٹے جاویدسمیت15نامعلوم افرادکیساتھ موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس تھانہ الہ آباد مصروف کارروائی ہے۔ڈی پی اوقصور زاہدنوازمروت نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے شواہداکٹھے کرنے کے لئے پنجاب فرانزک ٹیموں اورکرائم سین کو طلب کر لیاگیاہے۔انہوں نے بتایا کہ زمین کے معمولی تنازعہ پرباپ اورچار بیٹوں کا بہیمانہ قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے انشاء اللہ جلد ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قرارواقعی سزا دلوائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملزمان کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گااورانصاف کے تمام تقاضوں کو پوراکیاجائے گا۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں