چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور کا ریلوے ہیڈکوارٹر میں مختلف برانچز، دفاتر ،ریلوے کینٹین سمیت پارکس کا خصوصی دورہ

جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار

جمعہ 3 مارچ 2017 23:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مارچ2017ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور نے ڈپٹی جنرل منیجر فرید احمد کے ہمراہ ریلوے ہیڈکوارٹر میں موجود مختلف برانچز، دفاتر ،ریلوے کینٹین سمیت پارکس کا خصوصی دورہ کیا ۔ریلوے ہیڈکوارٹرمیں جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دفاتر میں ملازمین کو کام کرنے کیلئے اچھا ماحول فراہم ہوگیا ہے جس سے اُن کی استعدادکار میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

سی ای اوریلویز نے ہیڈکوارٹرز میں موجود پارکس میں مختلف پودوں اور درختوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پودے اور درخت ماحول کو خوبصورت و دلکش بنانے میں بہت کردار ادا کرتے ہیں ، لہٰذا مزید پودے لگائے جائیں اور اس سلسلے میں محمد جاوید انور چیف ایگزیکٹو آفیسر نے پورے پاکستان میں ریلوے کے ڈویژنل دفاتر، ریلوے سٹیشنوں اور دیگرعمارات میں ماحول بہتری کیلئے شجرکاری کی باقاعدہ مہم چلانے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے پاکستان ریلویز کے ماتحت تمام ڈویژنوں میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس، منیجنگ ڈائریکٹرز، ایکسٹراڈویژن افسران کو ہدایات جاری کیں کہ متعلقہ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کے افسران سے باہمی مشاورت کریں اور اُن کی ماہرانہ رائے کے ساتھ اپنی اپنی حدود میں شجرکاری کروائیں۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پیپل، بوہڑ، آرگن، شیشم اور نیم جیسے گھنے اور سایہ داردرخت لگائے جائیں ۔

اِن پودوں و درختوں کی مناسب دیکھ بھال اور اُنہیں بروقت پانی کی فراہمی کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے۔اس مہم کا آغاز 8مارچ سے کیا جائے گا جو کہ 20مارچ تک جاری رہے گی۔واضح رہے کہ چیف ایگزیکٹوآفیسر محمد جاوید انور کی ہدایت پر موجودہ مہم کے ضمن میںمیو گارڈنز میں 300پودے اور ریلوے کیرن ہسپتال میں 50پودے لگائے جاچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں