کوئی سیاسی جماعت ہماری دشمن نہیں، نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے ختم کردینا ہے

محاذآرائی کی بجائے ملکر جہدوجہد کرنے پر یقین رکھتے ہیں، پی ٹی آئی میں نیا پاکستان بنانے کیلئے شامل ہوئے تھے، جب وزیراعظم کی کرسی بھرگئی تو ہماری جگہ نئے لوگ آگئے، جن کا ترقی سے کوئی واسطہ نہیں تھا، جہانگیرترین کا خانیوال میں جلسے سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 28 اکتوبر 2023 18:28

کوئی سیاسی جماعت ہماری دشمن نہیں، نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے ختم کردینا ہے
خانیوال (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 اکتوبر 2023ء) استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ ، پیٹرن چیف جہانگیرترین نے کہا ہے کہ مخالف سیاسی جماعتیں ہماری دشمن نہیں، نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے ختم کردینا ہے،محاذآرائی کی بجائے ملکر جہدوجہد کرنے پر یقین رکھتے ہیں،پی ٹی آئی میں نیا پاکستان بنانے کیلئے شامل ہوئے تھے، جب وزیراعظم کی کرسی بھرگئی تو ہماری جگہ نئے لوگ آگئے، جن کا ترقی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

انہوں نے خانیوال جہانیاں میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نیا پاکستان بنانے کی کوشش کی تھی، اس کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے،اس کو اب مکمل کریں گے، 10سال پہلے ہم اکٹھے ہوئے، معاشی پلان تیار تھا کہ ہم نے کس طرح ملک وقوم کے حالات کو بہتر بنانا ہے، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں بہتری لانی تھی، پاکستان کے ہرشعبے میں تبدیلی لے کر آنی تھی ، یہ ہمارا پلان تھا، افسوس ہمارا خواب ادھورا رہ گیا، 10سال ہم سب نے محنت کی، لیکن جب طاقت میں بیٹھ گئے ،وزیراعظم کی کرسی بھر گئی تو کام کرنے والے ہم سب لوگوں کو ہٹا دیا گیا، ہماری جگہ نئے لوگوں کو لایا گیا، جن کا ترقی کے پلان سے کوئی واسطہ نہیں تھا، ہماری سوچ ادھوری رہ گئی۔

(جاری ہے)

آپ سوچتے ہوں کہ پی ٹی آئی والے آئی پی پی میں کیوں شامل ہورہے ہیں؟ہم پی ٹی آئی میں ملک میں بہتری لانے کیلئے شامل ہوئے تھے، لیکن پی ٹی آئی میں شامل لوگوں کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں تھا۔ ہم تمام لوگ جنہوں نے 10سال پہلے ترقی کا سفر شروع کیا تھا ہم ہار ماننے کو تیار نہیں ، غریبوں کا حال بہترکریں گے، لوگوں کو نوکریاں دیں گے، پاکستان کو روشن پاکستان بنائیں گے۔

اس وقت شخصیت ا ہم نہیں ہے، سب سے اہم عوام اور ملک ہے، عوام خوشحال ہوگی تو ملک خوشحال ہوگا،عوام نے فیصلہ کرنا کون سی جماعت ملک وقوم کی بہتری کیلئے بہتر ہے ، افسوس ہمارے جوان ملک چھوڑ کر جارہے ہیں، ہم نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کریں گے، جو باہر چلے گئے وہ بھی واپس آئیں گے، ہم نے زراعت میں بھی ترقی کرنی ہے، میں پوری زندگی زراعت کیلئے کام کیا ہے، بنجر علاقوں میں بھی باغات لگا دیئے، اب کسان اس قدر ترقی کریں گے وہ گھروں میں عزت کی روٹی کھائیں گے۔

ہم نے دیہاتوں میں خوشحالی لانی ہے، بجلی ، کاشتکاری بڑھانے میں ان کی مدد کرنی ہے۔ ہم صرف نعروں اور بیانات کی حد تک نہیں بلکہ ہرشعبے میں ترقی لائیں گے، ہمارے منصوبے تیار ہیں، اب ان کو عملی شکل تک پہنچائیں گے۔اپوزیشن جماعتیں بھی پاکستان کی جماعتیں ہیں، اپوزیشن جماعتوں کو اپنا دشمن نہیں سمجھنا، ہم نے نفرت اور دشمنی کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے ختم کردینا ہے، ہم محاذ آرائی یا انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم سب نے مل کر پاکستان کیلئے جدوجہد کرنی ہے اور عوام کو مہنگائی میں ریلیف دینا ہے۔

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں