ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے خود اس ملک کو ہی عزت نہیں دی، ڈاکٹر اختر ملک

پی ٹی آئی نے اقتدار سنبھالا تو خزانہ خالی تھا، شریف برادران نے ملک کو اتنا لوٹا کہ پیسے رکھنے کو جگہ کم پڑ گئی،ملک کی اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ،ادارے ٹھیک کررہے ہیں ،اپوزیشن کرپشن چھپانے کیلئے جلسے جلوس کررہی ہے لیکن اس کا مہنگائی کا چورن اب نہیں بکے گا ،صوبائی وزیر برائے انرجی پنجاب

ہفتہ 14 نومبر 2020 20:14

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2020ء) صوبائی وزیر برائے انرجی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے خود اس ملک کو ہی عزت نہیں دی، پی ٹی آئی نے اقتدار سنبھالا تو خزانہ خالی تھا، شریف برادران نے ملک کو اتنا لوٹا کہ پیسے رکھنے کو جگہ کم پڑ گئی ملک کی اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ،ادارے ٹھیک کررہے ہیں ،اپوزیشن کرپشن چھپانے کیلئے جلسے جلوس کررہی ہے لیکن اس کا مہنگائی کا چورن اب نہیں بکے گا اپوزیشن میں شامل لوگوں کے ملک میں ستر فیصد چینی کے کارخانے ہیں، ملک کو ترقی کی سمت گامزن کرنے کا عمران خان کا ایک ہی ایجنڈا ہے،نظام تعلیم اور سرکاری سکولوں کالجز کی عمارتوں کی اصلاح حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے ۔

وہ دس لاکھ روپے کی لاگت سے گورنمنٹ ڈگری کالج جہانیاں میں تعمیر شدہ آئی ٹی لیب کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر چوہدری خالد جاوید آرائیں،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کاشف سہیل پراچہ،اسسٹنٹ کمشنر بابر سلیمان،پرنسپل عیش محمد،پروفیسر ڈاکٹر جاوید اصغر،ملک غلام مجتبیٰ میتلا،ملک ابراہیم ارشد میتلا بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر توانائی اختر ملک نے کہا کہ اپوزیشن جلسے جلوس کررہی ہے نواز دور میں مہنگائی عروج پر تھی جبکہ اپوزیشن کا مہنگائی کا چورن اب نہیں بکے گا ،نواز شریف اور زرداری کے ادوار حکومت میں چینی 140روپے کلو جبکہ پٹرول 120روپے لٹر تک فروخت ہوتا رہا ہے ،جب پی ٹی آئی کو حکومت ملی تو خزانہ خالی تو اور ملازمین کو تنخواہیں دینے کیلئے بھی پیسے نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کوئی جائیداد فیکٹریاں نہیں بنائی ہیں اس کی تو جائیداد بھی شوکت خانم کے نام وقف کرنے کی وصیت کی گئی ہے۔صوبائی وزیر اختر ملک نے کہا کہ آج ووٹ دو کو عزت دو کے نعرے لگائے جارہے ہیں جبکہ انہوں نے تو ملک کو بھی عزت نہیں دی ہے شریف برادران نے ملک کا پیسا اتنا لوٹا کہ رکھنے کو جگہ نہ ملی کبھی پاپڑ والے تو ملازمین کے ا کائونٹ سے اربوں روپے مل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے غیر ملکی ادارے بتا رہے ہیں کہ روپے کی قدر بہتر ہو رہی ہے ڈالر کا ریٹ نیچے آیا ہے،ہمارا اکائونٹ سرپلس ہوا ہے،ملکی معیشت کی بہتری کی ریٹنگ بہتر ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ادارے ٹھیک کرہے ہیں ڈی پی او ،ڈی سی،وائس چانسلرز ،چیئرمین سیکرٹری بورڈز اور دیگر افسران انتہائی ایماندار میرٹ پر تعینات کیے گئے ہیں اوپر معاملات ٹھیک ہو چکے ہیں جبکہ گراس روٹ لیول پر ہمیں مسائل کا سامنا ہے جسے جلد درست کر لیا جائے گا۔

قبل ازیں صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے گورنمنٹ ڈگری کالج جہانیاں میں آئی ٹی لیب کا افتتاح کیا ،واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے صوبائی ٹکٹ ہولڈر چوہدری خالد جاوید آرائیں نے آئی ٹی لیب کی تعمیر کیلئے دس لاکھ روپے اپنی گرہ سے ادا کیے ہیں ۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے جہانیاں کے سہولت بازار کا دورہ بھی کیا۔

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں