کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈٹیکنالوجی نے بی ای/بی ایس سی اور بی کام کے سالانہ امتحانات 2021 کے نتائج کا اعلان کردیا

ہفتہ 25 دسمبر 2021 18:34

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2021ء) کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈٹیکنالوجی نے بی ای/بی ایس سی اور بی کام (سال اول و دوم)کے سالانہ امتحانات 2021 کے نتائج کا اعلان کردیاجہاں حسب روایت طالبات نے سب سے زیادہ نمبر حاصل کرکے میدان مارلیا اور پہلی تینوں پوزیشنیں لے کر نمایاں رہیں۔ بی اے (سال دوم) کا نتیجہ 19.95 فیصد ‘بی ایس سی (سال دوم) کا نتیجہ 58.65 فیصد جبکہ بی کام (پارٹ ٹو) کا نتیجہ 5.88 فیصدرہا۔

گزشتہ روز کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے بی ای/ بی ایس سی اور بی کام (پارٹ ون اور پارٹ ٹو) کے سالانہ امتحانات 2021 کے نتائج کا اعلان کرکے جامعہ کی ویب سائٹ پر جاری کردیئے جن کے مطابق بی اے (پارٹ ٹو) میں کل 1158 طلبہ و طالبات میں سے 1118 نے امتحان دیا جن میں صرف 223 طلبہ و طالبات کامیاب قرارپائے اور یوں بی اے سال دوم کا نتیجہ 19.95 فیصد رہا۔

(جاری ہے)

بی اے سال دوم میں ایف جی ڈگری کالج کوہاٹ کی طالبہ عنبر امجد نے سب سے زیادہ 418 نمبر لے کر پہلی جبکہ پرائیویٹ طالبات شمائلہ حمید نی395 اور زنیرہ جبین نے 377 نمبر حاصل کرکے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن اپنے نام کرلی۔اسی طرح بی ایس سی (پارٹ ٹو) کے نتائج کے مطابق کل 314 میں سے 312 طلبہ و طالبات نے امتحان میں شرکت کی جن میں 183 پاس ہوئے اور نتیجہ 58.65 فیصدرہا۔

نتائج کے مطابق بی ایس سی (پارٹ ٹو) میں گورنمنٹ ڈگری کالج لاچی کی طالبات اینا حیات نے سب سے زیادہ 430 نمبر حاصل کرکے پہلی اور منیبہ شاد نے 410 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی جبکہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوہاٹ نمبر 3 کی طالبہ ملائکہ نے 411 نمبر لے کر دوسری پوزیشن لے لی۔ جامعہ کوہاٹ کے جاری نتائج کے مطابق بی کام پارٹ ٹو میں کل 34 طلبہ میں سے صرف 2 پاس ہوئے اور یوں نتیجہ 5.88 فیصدرہا۔

گورنمنٹ کالج آف سائنسز کوہاٹ کے طلبہ دانش حسین اور اظہرجمیل نے بالترتیب 752 اور721 نمبر لے کربی کام پارٹ ٹو میں نمایاں کامیابی حاصل کرلی۔جاری کردہ نتائج کے مطابق بی اے سال اول میں کل 501 میں سے 476 طلبہ و طالبات نے امتحان دیا جن میں صرف 64 کامیاب ہوئے اور نتیجہ 13.45 فیصد رہا جبکہ بی ایس سی سال اول میں کل 115 میں سے 114 طلبہ و طالبات نے امتحان دیا جن میں43 نے امتحان پاس کیا اور یوں نتیجہ 37.72 فیصدرہا۔ اسی طرح بی کام پارٹ ون میں کل 4 طلبہ نے امتحان دیا جن میں کوئی بھی پاس نہیں ہوا اور یوں نتیجہ صفر ہی رہا۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں