کوہاٹ: کروڑوں روپے کے خطیر فنڈ سے لگنے والی سولر لائٹس روز بروز کام چھوڑنے لگیں

اکثر مقامات پر سولر لائٹس رات کے وقت بند رہتی ہیں یونیورسٹی روڈ سمیت مختلف شاہراہوں پر لگنے والی سولر لائٹس بھی اکثر خراب قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگ چکا ہے عوام کا نیب سے نوٹس لینے کی اپیل

منگل 10 دسمبر 2019 22:54

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2019ء) کوہاٹ میں کروڑوں روپے کے خطیر فنڈ سے لگنے والی سولر لائٹس روز بروز کام چھوڑنے لگیں اکثر مقامات پر سولر لائٹس رات کے وقت بند رہتی ہیں جبکہ یونیورسٹی روڈ سمیت مختلف شاہراہوں پر لگنے والی سولر لائٹس بھی اکثر خراب رہتی ہیں جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگ چکا ہے عوام کا نیب سے نوٹس لینے کی اپیل۔

اکثر سولر لائٹس کی بیٹریاں غیر معیاری ہونے کی وجہ سے ختم ہو چکی ہیں۔کوہاٹ اندرون شہر کی گڑھ جات،محلہ جات سمیت کے ڈی اے میں سولر لائٹس چند مہینوں کی مہمان ثابت ہوئیںشام کے کچھ وقت بعد سولر لائٹس مدھم ہو کر بند ہو جاتی ہیںجس سے ہر طرف اندھیرا پھیل جاتا ہے اور اسٹریٹ کرائم کا خطرہ بڑھ چکا ہے ۔مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کوہاٹ شہر سمیت متعدد علاقوں اور تمام شاہراہوں پر کروڑوں روپے کی فنڈ سے مختلف مراحل میں سولر لائٹس لگوائیں تھیں جس کی وجہ سے عوام کو کافی سہولت میسر ہوئی تھی مگر اب کچھ عرصے سے ان سولر کی بیٹریوں نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے جس کی وجہ سے گلی محلوں سمیت اہم شاہراہوں پر شام کے بعد اندھیرا چھایا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

ٹی ایم اے سٹاف نے کئی بار سولر لائٹس کی مرمت بھی کی مگر اس کے بعد بھی سولر لائٹس اپنا معیاد پورا نہ کر سکیں۔ کوہاٹ کے عوامی حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ گڑھی جات اور محلہ جات سمیت شہر کے تمام خراب سولرز کے لیے بیٹریوں کا بندوبست کیا جائے تاکہ عوام کو شام کے بعد بھی آمدورفت میں آسانی میسر ہو جبکہ کروڑوں روپے سے لگنے والی سولر لائٹس کے خلاف نیب انکوائری کرائے۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں