گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا اعزاز

ہایئر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جانب سے سربراہ شعبہ اردو پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود سنجرانی کو 2017ء کے بہترین تحقیقی مقالے کے ایوارڈ سے نواز دیا گیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 19 اگست 2019 20:22

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا اعزاز
لاہور (ظاہر محمود) ‎(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19اگست 2019ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا اعزاز، سربراہ شعبہ اردو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود سنجرانی کو ہایئر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جانب سے 2017ء کے بہترین تحقیقی مقالے کے ایوارڈ سے نوازا گیا- انہیں یہ اعزاز اقبال اور ہائیڈل برگ کے حوالے سے ایک شاندار تحقیقی مقالہ لکھنے پر دیا گیا- ڈاکٹر خالد محمود سنجرانی اس حوالے سے بھی خوش قسمت ہیں کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے پہلی مرتبہ اردو زبان و ادب میں تحقیق کرنے پر ایوارڈ جاری کیا ہے- یوں ڈاکٹر خالد محمود سنجرانی اردو زبان و ادب میں بہترین تحقیق کا ایوارڈ حاصل کرنے والے پاکستان اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے پہلے پروفیسر ہیں- 
نمائندہ اردوپوائنٹ ظاہر محمود ڈاکٹر خالد محمود سنجرانی کو مبارکباد دیتے ہوئے
نمائندہ اردوپوائنٹ ظاہر محمود ڈاکٹر خالد محمود سنجرانی کو مبارکباد دیتے ہوئے
یاد رہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اس بہترین تحقیق کے ایوارڈ کے لیے ملک کے طول و عرض سے کم و بیش چار سو سکالرز نے اپنے مضامین جمع کروائے تھے- اس بہترین تحقیق کے ایوارڈ کے لیے ہایئر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری نے مقالہ نگار کو یہ ایوارڈ عطا کیا- ڈاکٹر خالد محمود سنجرانی صاحب نے اس ایوارڈ کو اپنے والدین، اساتذہ اور ادارے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے نام کیا ہے- ان کا کہنا ہے کہ انہیں یہ اعزاز حاصل ہونا ان کے والدین اور اساتذہ کی شفقت اور دعاؤں کا نتیجہ ہے- پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود سنجرانی اس وقت شعبہ اردو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے صدر نشین ہیں اور اس کے ساتھ اقبال ہاسٹل کے سپرنٹنڈنٹ کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں- انہوں نے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے اردو میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور ہائیڈل برگ یونیورسٹی جرمنی سے اقبالیات میں پوسٹ ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے-‎

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں