جنوبی پنجاب ہمارے دور میں باقی پنجاب کے برابر ترقی کر رہا تھا، چودھری پرویزالٰہی

نوازشریف، شہبازشریف کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے جنوبی پنجاب دوبارہ پسماندگی کے اندھیروں میں ڈوب رہا ہے ہم نے جنوبی پنجاب میں پانچ سال میں پچپن سال جتنے کام کیے، ہمارے یہ کام آج بھی بول رہے ہیں،مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنماکی وفد سے گفتگو

بدھ 23 اگست 2017 21:20

جنوبی پنجاب ہمارے دور میں باقی پنجاب کے برابر ترقی کر رہا تھا، چودھری پرویزالٰہی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب ہمارے دور میں باقی پنجاب کے برابر ترقی کر رہا تھا، ہم نے جنوبی پنجاب میں پانچ سال میں پچپن سال جتنے کام کیے اور ہمارے یہ کام آج بھی بولتے ہیں۔ وہ بدھ کویہاں اپنی رہائش گاہ پر جنوبی پنجاب سے آئے ہوئے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ ایم این اے بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں جنوبی پنجاب میں میٹرک تک تعلیم اور کتابیں مفت کر دی تھیں، غریب بچیوں کیلئے ماہانہ تعلیمی وظائف مقررکیے جن کی وجہ سے پندرہ لاکھ بچیاں پہلی بار سکول داخل ہوئیں، ڈیڑھ ارب کی لاگت سے اسٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیالوجی ہسپتال قائم کیا جس میں بچوںکے امراض قلب کا بندوبست بھی موجود ہے، نشتر ہسپتال میں 112 بستروں پر مشتمل تین منزلہ ایمرجنسی بلاک تعمیر کیا، جدید برن یونٹ، ڈینٹل یونٹ اور نرسنگ کالج تعمیر کیے، پہلا چلڈرن ہسپتال اور شیخ زید میڈیکل کالج رحیم یار خان شروع کیے، 1122 ایمرجنسی سروس قائم کی جس سے جنوبی پنجاب کے اب تک 2 لاکھ افراد کو ناگہانی حادثات میں مدد فراہم کی جا چکی ہے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے دور میں جنوبی پنجاب کے کسانوں کو بجلی آدھی قیمت پر مہیاکی جا رہی تھی، کھالے پختہ کیے، پانی ٹیل تک پہنچ رہا تھا، فارم ٹو مارکیٹ ہزاروں کلومیٹر سڑکیں بنیں، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹ لگائے، امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے جگہ جگہ پٹرولنگ پوسٹیں قائم کی گئیں جن سے چوری اور ڈکیتی کی عام وارداتوں کے علاوہ مال مویشی کی چوری پر بھی قابو پا لیا گیا، جنوبی پنجاب میں پیٹرولنگ پوسٹوں کے اس نظام کو اگر شہبازشریف چلنے دیتے تو راجن پور میں چھوٹو گینگ جیسے جرائم پیشہ گروہ کبھی سر نہیں اٹھا سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے شہبازشریف کی طرح صرف اشتہار بازی نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں جنوبی پنجاب کی خدمت کی ہے، اگرجنوبی پنجاب میں ہمارے شروع کیے ہوئے ترقیاتی کاموں کو ہماری حکومت کے بعد بھی چلنے دیا جاتا تو آج جنوبی پنجاب باقی پنجاب کے برابر کھڑا ہوتا مگر افسوس کہ نوازشریف اور شہبازشریف کی عوام دشمن اور مریضانہ پالیسیوں کی وجہ سے جنوبی پنجاب دوبارہ پسماندگی کے اندھیروں میں ڈوب رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں