پی ٹی آئی کے این ای127کے مرکزی انتخابی دفتر کے باہر نا معلوم افراد کی ہوائی فائرنگ

پولیس موقع پر پہنچ گئی ،گولیوں کے خول برآمد ،واقعہ (ن) کے گلو بٹوں کی کارستانی ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ کا الزام

اتوار 22 جولائی 2018 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) تحریک انصاف کے حلقہ این ای127سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ کے مرکزی انتخابی دفتر کے باہر نا معلوم افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی ، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے گولیوں کے خول برآمد کر لئے، جمشید اقبال چیمہ نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ واقعہ مسلم لیگ (ن) کے گلو بٹوں کی کارستانی ہے جو شکست کے خوف سے اوچھے ہتھکنڈوں پر ات آئے ہیں لیکن ہم ان سے مرعوب نہیں ہوں گے ۔

(جاری ہے)

جمشید اقبال چیمہ کے میڈیا ترجمان رانا اختر نے بتایا کہ گزشتہ رات نا معلوم افراد کی جانب سے حلقے میں قائم مرکزی انتخابی دفتر کے باہر اندھا دھند ہوائی فائرنگ کی گئی جس سے شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ فائرنگ کرنے والے افراد موقع سے فرار ہو گئے ۔ واقعہ کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی جس نے موقع پر پہنچ کر گولیوں کے خول برآمد کر لئے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو قانونی کارروائی کیلئے درخواست دیدی گئی ہے ۔ حلقہ این اے 127سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ والے اپنی واضح شکست کو دیکھتے ہوئے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ۔ہم ان کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہوں گے بلکہ میدان میں رہ کر ان کا مقابلہ کیا جائے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں